پی ٹی آئی نے سندھ حقوق مارچ کے اختتام پر چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کردیا

بلدیات کے حوالے سے نئی قانون سازی اور غیرسیاسی شخص کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے، پی ٹی آئی


Staff Reporter March 06, 2022
تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے سامنے کئی مطالبات رکھ دیے (فوٹو، ایکسپریس)

LONDON: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے شہرقائد میں سندھ حقوق مارچ کے اختتام پر چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کردیا جس میں صوبائی حکومت سے کئی اہم مطالبات کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے حکومت سندھ سے مطالبات کیے ہیں کہ صوبے میں بلدیاتی حکومت کے معاملے پر نئی قانون سازی کی جائے اور ایک غیر سیاسی وغیر جانبدار شخص کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے۔

تحریک انصاف کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ پی ایف سی ایوارڈ کا فوری اعلان کیا جائے، سندھ پولیس کے محکمے میں سیاسی مداخلت بند کی جائے، سندھ کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے، حیدرآباد یونیورسٹی کے لیے این او سی جاری کی جائے اور کراچی کے شہریوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا بہتر منصوبہ فراہم کیا جائے۔

چارٹر آف ڈیمانڈ میں صوبائی حکومت سے سندھ کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ اُن قتل کے مقدمات کا از خود نوٹس لیا جائے جن میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی ملوث ہیں اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی دوہری شہریت کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے چاٹر آف ڈیمانڈ میں جعلی ڈگری کیسز، جعلی اکاؤنٹ اور اومنی گروپ کے کیسز کا ٹرائل جلد مکمل کرنے، سندھ کے میڈیکل کالجوں میں طلبا سے زیادتی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور سندھ میں میڈیا نمائندگان کی ٹارگٹ کلنگ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل بنانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں