7 شہروں میں بنیادی سہولتوں کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

منصوبے کے انتظامی اور تکنیکی کاموں کو الگ کردیا جائے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد اور پروجیکٹ افسران سے ملاقات


Staff Reporter February 21, 2014
مقبول عام اسکول بہادرآباد میں ہوٹل کا تندور قائم کرنے کی انکوائری اور ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کاحکم۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے متعلقہ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تحت 2009 میں 400ملین ڈالرز کی لاگت بشمول سندھ حکومت کے 100ملین ڈالرز سے سندھ کے شہروں کی بہتری کے پروگرام (ایس سی آئی پی) کے تحت بالائی سندھ کے 7 شہروں کو پانی کی فراہمی، سالڈ ویسٹ اور موثر سیوریج سسٹم کے قیام کے سلسلے میں تمام جاری کاموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اسکیموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے اور عوام ان سے بھرپور طریقے سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

جمعرات کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد اور ایس سی آئی پی پروجیکٹ پر عملدرآمد میں مصروف افسران کے ساتھ وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس سلسلے میں 7 شہر منتخب کیے ہیں جن میں سکھر (نیا اور پرانا) ، خیرپور، روہڑی ، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور گھوٹکی شامل ہیں، ان شہروں میں مقرر کاموں پر عملدرآمد ہورہا ہے مگر ان پر کام کی رفتار سست ہے۔ انھوں نے منصوبے پر موثر عملدرآمد کے سلسلے میں تجویز کیا کہ منصوبے کے انتظامی اور تکنیکی کاموں کو الگ الگ کردیا جائے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں سرکاری اسکولوں اور ان کی زمینوں پر لینڈ مافیا کے قبضوں سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مکمل تحقیقات کرکے انھیں فوری رپورٹ پیش کریں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو کراچی میں واقع تمام میڈیا ہائوسز، میڈیا کے اداروں کے ملازمین، سامان ، گاڑیوں اور دیگر اثاثوں کی مکمل سیکیورٹی یقینی بنانے کے احکام دیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں