پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل دبئی سے بھی سستا ہے وزیراعظم

پاکستان میں اتنی مہنگائی نہیں ہے، اب بھی دنیا کا سستا ترین ملک ہے، عمران خان


March 07, 2022
احساس پروگرام کا 98فیصد بجٹ خواتین کیلئے مختص ہے، وزیراعظم: فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل دبئی سے بھی سستا ہے جبکہ ٹیکس آمدن میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول کی قیمت کم کی۔

اسلام آباد میں احساس رعایت راشن اسکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکس آمدن میں اضافے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت کم کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم ٹیکس نہ دیتی تو پٹرول اور بجلی پر سبسڈی نہ دے پاتے، مدینہ کی ریاست میں ٹیکس کا پیسہ کمزور طبقے پر لگایا جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 98 فیصد پیسہ عورتوں کے ہاتھ میں دیا جاتا ہے تاکہ عورتیں بچوں کی تعلیم سمیت دیگر معاملات کو چلا سکے، احساس پروگرام سے خواتین کو بااختیار بنانا ہے، جب تک خواتین تعلیم یافتہ نہیں ہوں گی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس رعایت راشن اسکیم کے تحت 2 کروڑ خاندانوں کو 30فیصد ماہانہ رعایت دی جائے گی، ورلڈ بینک نے تسلیم کیا کہ پاکستان کا احساس پروگرام دنیا کا بہترین منصوبہ ہے۔

ہیلتھ انشورنس سے متعلق وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رواں ماہ کے آخر تک سندھ کے علاوہ ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، جس کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروایا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں تباہی آئی لیکن کورونا کے بعد ہماری معیشت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں