کراچی ناظم آباد میں ماں بیٹی کو سر پر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

پولیس جب گھر میں داخل ہوئی تو ایک لاش صوفے پر ملی اور ایک لاش بیڈ پر پڑی تھی، ڈی ایس پی


ویب ڈیسک March 07, 2022
پولیس جب گھر میں داخل ہوئی تو ایک لاش صوفے پر ملی اور ایک لاش بیڈ پر پڑی تھی، ڈی ایس پی ۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: ناظم آباد 4 نمبر میں واقع مکان سے دو خواتین کی لاش ملی ہیں، جنہیں سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 4 میں واقع ایک گھر سے دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن کی شناخت 35 سالہ حراجبین اور 60 سالہ روبینہ زوجہ شمعون کے نام سے ہوئی ہے، قتل ہونے والی دونوں خواتین ماں بیٹیاں ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس جب گھر میں داخل ہوئی تو ایک لاش صوفے پر ملی اور ایک لاش بیڈ پر پڑی تھی، واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے، اور مقتولین قاتل کو ممکنہ طور پر جانتی تھیں، خواتین کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، جائے وقوع سے پولیس کو نائن ایم ایم کا ایک خول اور ایک سکہ ملا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ماں بیٹی گھر میں اکیلی تھیں، دن ایک بجے کے قریب ماسی گھر آئی تو دروازہ کھلا تھا، جب اندر جاکر دیکھا تو دونوں خواتیں کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں، ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مقتولہ روبینہ نے دو شادیاں کی تھیں، جب کہ اس کے دوسرے شوہر نے بھی دوسری شادی کررکھی ہے، اور اس کا دوسرا گھر گلشن میں ہے، مقتولہ بیٹی حرا غیر شادی شدہ ہے۔

دوسری جانب مقتولہ کا دوسرا شوہر شمعون بھی موقع پر پہنچ گیا، اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ روبینہ سے 1997 میں شادی ہوئی تھی، روبینہ کی ایک شادی پہلے ہوچکی تھی، اور مقتولہ حرا مقتولہ روبینہ کی پہلے شوہر سے اکلوتی بیٹی تھی، مقتولہ حرا میری سوتیلی بیٹی تھی۔

شمعون نے بتایا کہ میں نے دوسری شادی 2011 میں کی اور گلشن میں دوسری بیوی کے ساتھ رہتا ہوں، کبھی کبھی اہلیہ روبینہ اور سوتیلی بیٹی سے ملنے آتا تھا، اور آج ان دونوں کی قتل کی اطلاع ملتے ہی یہاں آیا، سوتیلی بیٹی حرا گھر میں رہتی تھی کوئی نوکری نہیں کرتی تھی، روبینہ کا تعلق پنجاب سے ہے میرا تعلق سوات سے ہے، کسی سے دشمنی کی معلومات نہیں۔

واقعے سے متعلق ڈی ایس پی جمیل نے بتایا کہ مقتولین ماں بیٹی ہیں اور کافی عرصے سے یہاں رہ رہیں تھی، خواتین کو سر پر گولیاں ماری گئی ہیں اور مزاحمت کے کوئی شواہد نہیں، واقعہ ابھی تک ذاتی دشمنی کا معلوم ہوتا ہے، موقع سے ایک خول اور گولی کا سکہ ملا ہے، رشتہ دار پڑوس میں رہتے ہیں، لیکن فائرنگ کی آواز کسی نے نہیں سنی، ماسی گھر آئی تو دروازہ کھلا ہوا تھا، لاشیں دیکھ کر اس نے پڑوس میں بتایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں