ترکی امارات اور اٹلی کو پاکستانی برآمدات میں 100 فیصد سے زائد اضافہ
ترکی، امارات، اٹلی، اسپین، جرمنی اور امریکا کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں خوش کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
کراچی:
وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ سال رواں میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات عرب اور یورپین ممالک میں بڑھ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فروری 2022 میں ترکی، متحدہ عرب امارات، اٹلی، اسپین اور جرمنی سمیت امریکا کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں خوش کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح برطانیہ، چین، بنگلہ دیش اور پولینڈ کے لیے بھی پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھی ہیں۔
اپنے ایک ٹوئیٹ پیغام میں وفاقی مشیر تجارت رزاق داؤد نے بتایا کہ ترکی کو ایک سال میں پاکستانی برآمدات میں 157 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ متحدہ عرب امارات کو 118 فیصد اور اٹلی کو 102 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال فروری میں گزشتہ سال فروری کی نسبت اسپین کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 90 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جرمنی کو 60 فیصد، امریکا کو 25 فیصد اور بنگلہ دیش کو برآمدات میں 62 فیصد اضافہ ہوا جبکہ برطانیہ کے لیے 27 فیصد، چین کے لیے 17 فیصد اور نیدرلینڈز کے لیے برآمدات میں 94 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔