پاک آسٹریلیا سیریزکراچی ٹیسٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے وکٹ تیار

وکٹ بیٹرز اور بالرز دونوں کیلئے مددگار ہوگی


Sports Reporter March 09, 2022
(فوٹو: پی سی بی)

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سپورٹنگ وکٹ تیار کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں بدھ کو چارٹرڈ فلائٹ کے زریعے کراچی پہنچ رہی ہیں، جس کے بعد جمعرات اور جمعہ کو صبح ساڑھے 11 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک نیشنل اسٹیڈیم پر پریکٹس سیشنز میں شرکت کریں گی۔

دونوں ٹیموں کی نیشنل اسٹیڈیم آمد سے قبل دوسرے ٹیسٹ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سپورٹنگ وکٹ تیار کرلی گئی ہے جو بیٹرز کے لیے سازگار ہونے کے ساتھ اسپنرز کے لیے بھی معاون و مددگار ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے آغاز سے قبل حفاطتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آسٹریلیوی کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد کے ارکان بھی بدھ کو کراچی پہنچ رہے ہیں، وہ شام کو اسٹیڈیم میں اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ٹیم کے سفری راستے کی ریکی بھی کریں گے جبکہ مقامی سیکیورٹی زمہ داران کی جانب سے ان کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔

دوسری جانب 24 برس بعد دونوں ممالک کے درمیان کراچی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے لیے اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کے انتظامات کیے جارہے ہیں، مختلف انکلوژرز کے اسٹینڈز میں نشستوں کی دھلائی اور صفائی کی جارہی ہے،بعض اسٹینڈز میں تماشائیوں کو سہولت کی فراہمی کے لیے کرسیوں کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔

کراچی ٹیسٹ کے لیے گراونڈ اسٹاف کی تیاریاں بھی جاری ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر 8 وکٹیں تیار کرلی ہیں، ان میں سے 4 وکٹیں نیٹ سیشن کے لیے بنائی گئی ہیں، ہر ٹیم کو مشقوں کے لیے 2 وکٹیں میسر ہوں گی، ادھر میچ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی امید افزا ہے، تاہم تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کے لیے اعزازی ٹکٹ بھی فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں