پاکستان کپ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باؤلر سہیل خان پر جرمانہ

ایک اوور کم کروانے پر ناردرن کی ٹیم پر بھی جرمانہ

سہیل خان پاکستان کپ میں سندھ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD:
پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سندھ کے فاسٹ باؤلر سہیل خان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کی اننگز کے دوسرے اوور میں سہیل خان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا، جس پر غیرمناسب رویے کا اظہار کرنے پر فاسٹ باؤلر پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.8 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

یہ واقعہ پاکستان کپ میں سندھ اور خیبرپختونخوا کے مابین ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔ سہیل خان نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور میچ ریفری ندیم ارشد کی طرف سے تجویز کردہ سزا کو قبول کیا ہے۔ فاسٹ باؤلر پر چارجز آن فیلڈ امپائرز قیصر وحید اور ناصر حسین نے عائد کیے تھے۔


دوسری جانب مقررہ وقت سے ایک اوور کم کروانے پر ناردرن کی ٹیم پر بھی جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.22 کی خلاف ورزی کرنے پر پلیئنگ الیون میں شامل ناردرن کے کھلاڑیوں کو 10ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ کپتان حیدر علی نےغلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری محمد انیس کی تجویز کردہ سزا کو قبول کیا ہے۔

میچ میں ثاقب خان اور عمران جاوید آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلا گیا تھا۔
Load Next Story