نثار کھوڑو واضح اکثریت کے ساتھ سینیٹر منتخب

بائیکاٹ کے باوجود پی ٹی آئی کے تین اراکین نے بھی ووٹ کاسٹ کیا


ویب ڈیسک March 09, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

ISLAMABAD: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئیر رہنماء اور صوبی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سندھ سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی خالی سینیٹ کی نشست پر سندھ اسمبلی میں پولنگ ہوئی جس میں ارکان اسمبلی نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں سینٹ ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے، تاہم اہم بات یہ ہے کہ تحریک انصاف کے 3 اراکین اسمبلی اپنی جماعت سے منحرف ہوگئے ہیں اور انہوں نے تحریک انصاف کے الیکشن بائیکاٹ کے باوجود تینوں رہنما آئے اور پارٹی پالیسی کے خلاف پیپلزپارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو کو ووٹ دے دیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نثار کھوڑو 99 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے، سندھ سینیٹ الیکشن میں 101 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 2 ووٹ مسترد ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے اراکین میں دیوان سچل، اسلم ابڑو اور کریم بخش گبول ہیں، جب کہ تحریکِ انصاف کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے والے شہریار شر نے بھی ووٹ کاسٹ کیا، شہریار شر لانگ مارچ کے دوران پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں 168 کے ایوان میں 101 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے منحرف رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو نے میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان اسمبلی پیپلزپارٹی کےساتھ رابطے میں ہیں، اگر آج پی ٹی آئی انتخاب کا بائیکاٹ نہ کرتی تو پی ٹی آئی کے کئی ارکان آتے اور ووٹ پیپلزپارٹی کو دیتے، تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی کو ووٹ دینا چاہ رہے تھے لیکن بائیکاٹ اور ڈر کی وجہ سے کئی ارکان اسمبلی ووٹ دینے نہیں آئے۔

اسلم ابڑو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز ایم پی ایز اپنی پارٹی سےخوش نہیں، اور متعدد ایم این ایز تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں ووٹ دیں گے، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اپنے قائد سے خوش نہیں، اور اپنے قائد سے تنگ ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی قائد اپنے ارکان اسمبلی سے ملتا ہے نہ ہاتھ ملاتا ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماء فیصل واوڈا نے نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے تاہم جبکہ سپریم کورٹ نے خالی نشست پر الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں