آج کل بے روزگاروں کا ٹولہ اسلام آباد میں جمع ہے وزیر اعلیٰ

اسلام کے نام نہاد ٹھیکے دار کو ڈیزل کے پرمٹ نہیں مل رہے تو یہ حکومت گرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، کوہاٹ میں جلسہ


ویب ڈیسک March 10, 2022
(فوٹو : فائل)

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اسلام کے نام نہاد ٹھیکے دار کو ڈیزل کے پرمٹ نہیں مل رہے تو یہ حکومت گرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کوہاٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بے روزگاروں کا ٹولہ اسلام آباد میں جمع ہے انہیں کچھ نہیں ملنے والا، ہمارے ممبران اسمبلی اور اتحادی باضمیر ہیں بکنے والے نہیں، ہمارے ممبران کپتان کے سپاہی ہیں وہ کپتان کے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لوٹ مار کے پیسوں سے ہمارے ممبران کو خرید نہیں سکتی، یہ کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے کہ قوم کے تمام لٹیروں کو بے روزگار کردیا ، ہمیں نااہل کہنے والوں کے پاس قوم کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں، یہ سب اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے یکجا ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان لوگوں کو پتا ہے کہ اگر عمران خان نے اپنی مدت پوری کی تو ان کا سیاسی مستقبل ختم ہوجائےگا، اسلام کے کچھ نام نہاد ٹھیکیدار حکومت دشمنی میں اب امریکا کے حمایتی بنے ہوئے ہیں، اب ڈیزل کے پرمٹ نہیں مل رہے تو یہ حکومت گرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا نے پانچ صوبے میں حکومت کی، وہ عوام کو بتائیں کہ انہوں نے اسلام کی کیا خدمت کی، یہ لوگ اپنے دور حکومت میں سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے کے علاوہ عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، موجودہ صوبائی حکومت نے ان سے ناجائز قبضہ کی ہوئی ساری زمین واگزار کرائی جس کو انہیں بہت رنج ہے۔

محمود خان نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے لیے اربوں روپے مالیت کے متعدد میگا منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے، پشاور ڈی آئی خان موٹروے کا منصوبہ 350 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، پشاور ڈی آئی خان موٹروے سی پیک کا ویسٹرن روٹ بنے گا، سی آر بی سی کے منصوبے پر اپنی دور حکومت میں کام کا آغاز کریں گے، اس منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کی چار لاکھ ایکڑ بنجر اراضی زیر کاشت آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |