بلوچستان حکومت کو ایک ماہ میں ڈومیسائل پر قانون سازی مکمل کرنے کا حکم

بلوچستان میں آباد کار قبائل کے ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹس کی قانونی سازی مکمل کر کےرپورٹ جمع کرائی جائے،عدالت


ویب ڈیسک March 10, 2022
(فوٹو : فائل)

سپریم کورٹ نے بلوچستان حکومت کو ایک ماہ کے اندر ڈومیسائل سے متعلق قانون سازی مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان میں ڈومیسائل کے اجراء سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان حکومت کو ایک ماہ کی مدت میں ڈومیسائل سے متعلق قانون سازی مکمل کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرے، ایک ماہ میں بلوچستان میں آباد کار قبائل کے ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹس کی قانونی سازی مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ ڈومیسائل مستقل رہائشی سرٹیفیکیٹ کا متبادل نہیں ہوسکتا، بلوچستان ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا کہ ڈومیسائل پورے ملک میں تعلیمی داخلوں یا نوکریوں کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گا، بلوچستان میں آئے مہاجر قبائل کے لوکل ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹس پر قانون سازی نہیں ہو سکی۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ لوکل ڈومیسائل کا اجراء کس قانون یا ضابطے کے تحت کیا جاتا ہے؟ وکیل نے کہا کہ لوکل ڈومیسائل کے اجراء کا کوئی قانون یا رول موجود نہیں ہے، بلوچستان میں تقسیم پاکستان سے پہلے کے آئے قبائل کو بھی آبادکار قرار دیے دیا گیا ہے، بلوچستان حکومت نے آبادکار قبائل کے افراد کے ڈومیسائل بغیر وجوہات بتائے معطل کر دیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے یہ کہا کہ آباد کار ڈومیسائل کے اہل نہیں؟ بلوچستان حکومت کو قانون سازی کے لیے ایک ماہ دے رہے ہیں، اگر بلوچستان حکومت اپنے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے قانون سازی نہیں کرتی تو مناسب حکم جاری کریں گے۔

بعدازاں کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں