نواز شریف زرداری اور فضل الرحمٰن فوج پر سیاسی کنٹرول چاہتے ہیں فواد چوہدری

آئین کے تحت فوج حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، اگر فوج حکومت کے ساتھ نہ ہو تو یہ آئین کے خلاف ہوگا، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک March 10, 2022
آئین کے تحت فوج حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، اگر فوج حکومت کے ساتھ نہ ہو تو یہ آئین کے خلاف ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات

KUALA LUMPUR: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمٰن فوج پر سیاسی کنٹرول چاہتے ہیں، آئین کے تحت فوج کو حکومت کے ساتھ ہی رہنا ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے چہروں سے پتا چل رہا ہے کہ حالات کدھر جا رہے ہیں، بلاول اور فضل الرحمان کی پریس کانفرنس ایسے تھی جیسے دونوں ہارے ہوئے پہلوان ہیں۔

فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں اپوزیشن لیڈران کی فوج پر تنقید کی پرانی ویڈیوز بھی چلوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن، نواز شریف اور آصف زرداری فوج پر سیاسی کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، فضل الرحمان کے جواب سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ایک بار پھر پاک فوج کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے جوکہ ڈان لیکس و نواز شریف والی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی میں بھارتی تاجروں سے ملاقاتیں کیں، کھٹمنڈو میں بھارتی حکمرانوں سے ملاقات کی، اپنی نواسی کی شادی پر مودی کو بلایا، بغیر ویزے کے نریندر مودی پاکستان آئے اس نریندر مودی کو پاکستان بلایا جس نے افواج پاکستان کے خلاف زہر اگلا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیاسی محاذ پر حکومت مکمل اعتماد کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر ِاعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ وہ پُراعتماد ہیں، 172 لوگ اپوزیشن نے شو کرنے ہیں اور پیسوں کی منڈیاں لگانے والوں کے پاس اگر یہ ووٹ پورے ہیں تو میڈیا کے سامنے لے آئیں، تقریباً 184 اراکین حکومت پر اعتماد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنے تمام 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے بلکہ اپوزیشن کے 5 ووٹ بھی ساتھ ہیں، ہم چاہتے ہیں سارے سیاسی ڈرامے 23 مارچ سے پہلے ختم ہوجائیں، جو پارٹی مینڈیٹ کے خلاف ووٹ دیں گے اسپیکر صاحب آرٹیکل 63 ون اے کے تحت ان کے ووٹ قبول نہیں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت فوج کو حکومت کے ساتھ ہی رہنا ہوتا ہے، اور اگر فوج حکومت کے ساتھ نہیں ہوتی تو یہ آئین کے خلاف ہوگا، فوج نے اپنے آئین پر عمل کرنا ہے اور کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں