پریانکا چوپڑا نے’’میری کوم‘‘ کیلیے باکسنگ گلوز پہن لیے ٹریننگ شروع

’’میری کوم‘‘میرے لیے صرف فلم ہی نہیں،خاتون باکسرکے کردارکے لیے سخت ورزش کررہی ہوں،منی پوری زبان بھی سیکھ لی ہے،پریانکا


Showbiz Desk February 22, 2014
سنجے لیلا بھنسالی کی پروڈکشن کی ہدایات امنگ کمار دیں گے ،شوٹنگ 28فروری سے شروع اور فلم اسی برس ریلیز کی جائے گی فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا جو اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ''غنڈے'' کی تشہیری مہم سے فارغ ہوئی ہیں، کے متعلق سوچا جا رہا تھا کہ وہ کچھ عرصے کے لیے اپنی فنی سرگرمیوں میں وقفہ لیں گی اور تازہ دم ہوکر نئے سرے سے اپنی آنے والی فلموں کی شوٹنگز شروع کروائیں گی تاہم اداکارہ نے کسی قسم کا وقفہ لیے بغیر ہی اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وہ ان دنوں خاتون باکسر میری کوم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ''میری کوم'' کے لیے باکسنگ کی تربیت حاصل کر رہی ہیں جو دس روز پر مشتمل ہے۔ ذرائع کے مطابق پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی نے اداکار کی تربیت کے لیے خصوصی انتظام کیا ہے اور وہ اب تک اچھی کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ سنجے لیلا بھنسالی کی کوشش ہے کہ وہ فلم کی عکسبندی شروع ہونے سے قبل ہی پریانکا کو ایک خاتون باکسر کے کردار پر پرفارم کرنے کے لیے تربیت دینے کے علاوہ انھیں ایسی وزش کروائیں جس سے وہ ایک کھلاڑی ہی نظر آئے اور اپنی اس کوشش میں کافی حد تک کامیاب ہوتے نظر بھی آرہے ہیں۔فلم کی عکسبندی 28فروری سے شروع ہوگی اور اس سے قبل پریانکا کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود پر سے ''غنڈے'' میں پرفارم کیے جانے والے کیبرے ڈانسر کے کردار کا خول اتار کر میری کوم کی طرح باکسنگ گلوز پہن لیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ اس سے قبل کافی حد تک باکسنگ کی تربیت بھی حاصل کرچکی ہیں اور اب چونکہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے میں تھوڑے ہی دن باقی ہیں تو جو تھوڑی بہت کمی رہ گئی ہے وہ بھی دور کرلی جائے گی۔

پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ پچھلے دوماہ سے بغیر آرام کیے کام میں مصروف ہوں اور اسی وجہ سے سیٹ پر آتے ہیں جسم میں درد شروع ہوجاتا ہے۔ ''میری کوم'' صرف ایک عام سی فلم ہی نہیں بلکہ یہ ہر لحاظ سے ایک بڑی فلم ہے جس میں میں کام کرنے جارہی ہوں ۔ اس کے لیے تیاری کرنے میں کسی کوئی تعجب نہیں ہونا چاہیے۔ فلم میں کام کرنے سے پہلے ہی کافی تجربہ حاصل کرچکی ہوں تاہم ہم یہ بھی تربیت کا ایک حصہ ہے اور اب تک فلم کے پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی جنہوں نے اولمپک باکسر کی زندگی پر بنائی جانیوالی فلم میں کام کے لیے میری تربیت کا خصوصی انتظام کر رکھا ہے اور ایک ماہر ٹرینر مجھے تربیت دے رہے ہیں جس کی بدولت اس کھیل میں کافی حد تک مہارت حاصل کرچکی ہوں جب کہ میں نے مختلف اقسام کی ورزشیں کرکے اپنے جسم کو بھی ایک خاتون باکسر کی طرح فٹ اور خود کو چست بنا لیا ہے۔خاتون باکسر میری کوم جو مانی پوری کی رہائشی ہیں کے کردار پر پرفارم کرنے کے لیے پریانکا چوپڑا منی پوری زبان پر بھی کافی حد تک عبور حاصل کرچکی ہیں ۔ ایک انٹرویو کے دوران پریانکا کا کہناتھا کہ کسی شخصیت پر بنائی جانے والی فلم میں کام کرنے والے فنکار کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ اس شخصیت کی زبان کو جانتا ہو اور اس میں گفتگو کرسکتا ہو اسی لیے میں نے بھی منی پوری زبان کافی حد تک سیکھ لی ہے یہ اسی طرح ہے ۔

جس طرح ہم پنجابی یا گجرانی زبان بولتے ہیں اس میں صرف کچھ لفظوں یا ادائیگی کا فرق ہے میں نے میری کوم کی آواز کی ریکارڈنگ بھی کئی بار سنی ہے اور اس کا لہجہ اپنانے کی کوشش کررہی ہوں جس میں کافی حد تک کامیاب ہورہی ہوں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ خاتون باکسر میری کوم سے بھی ملاقات کرچکی ہیں اور انھوں نے بہت اچھے طریقے سے میری رہنمائی کی اور مجھے ایک خاتون باکسر خصوصاًًاپنی زندگی کے متعلق بہت کچھ بتایا ہے جس سے مجھے بہت مدد مل رہی ہے اور میں اب بھی ان سے اپنے کردار کو ادا کرنے کے لیے رہنمائی لے رہی ہوں۔ اطلاعات کے مطابق سنجے لیلا بھسنالی کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم کی ہدایات امنگ کمار دے رہے ہیں اور اس کی شوٹنگ 28فروری سے شروع ہوگی جب کہ فلم کو رواں برس کے دوران ہی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

دوسری طرف پریانکا چوپڑا کی اداکار رنویر سنگھ اور ارجن کپور کے ساتھ حال ہی میںریلیز ہونے والی فلم ''غنڈے'' جسے پاکستان میں بھی گزشتہ روز نمائش کے لیے پیش کیا جا چکا ہے، بھارت بھر کے اڑھائی ہزار سینما گھروں میں اپنی نمائش کے ابتدائی سات دنوں میں باکس آفس پر 63کروڑ روپے کے قریب کما چکی ہے اور خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ جلد ہی سو کروڑ کمانے والی فلموں کے کلب میں داخل ہوجائے گی۔ ادیتہ چوپڑا کی پروڈیوس کردہ اور علی عباس ظفر کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اپنی اس فلم کی کامیابی پر پریانکا چوپڑا بہت خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی اور اسکرپٹ سے لے کر اس کی شوٹنگز، گانے ڈائیلاگ، لوکیشنز سمیت سب چیزیں بہترین ہیں اور اسی وجہ سے یہ فلم پہلے دن سے ہی باکس آفس پر ہٹ جارہی ہے۔ امید ہے یہ جلد ہی صرف سو کروڑ نہیں بلکہ دوسو کروڑ کمانے والی فلموں کے کلب میں داخل ہوجائے گی۔ پریانکا کا کہنا تھا کہ فلم میں ارجن کپور اور رنویر سنگھ جو غنڈوں کے روپ میں ہیں، نے اپنے کردار انتہائی محنت سے ادا کیے جب کہ میری بھی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے۔ اس فلم کی کامیابی سے بہت خوش ہوں اور اپنے اندر ایک نئی توانائی پیدا ہوتی محسوس کر رہی ہوں جو میری آنے والی فلموں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں