وزیراعظم عمران خان پنجاب میں تبدیلی کے لئے تیار ہیں مسلم لیگ ق کا دعویٰ

ہم کیسے یقین کرلیں کہ وفاق میں عدم اعتماد کے بعد حکومت اپنے وعدے پر کیا فیصلہ کرتی ہے، رہنما ق لیگ


ویب ڈیسک March 11, 2022
پارٹی میں حتمی فیصلے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے اگلے 48 گھنٹو ں میں فیصلہ کرنا ہے، رہنما ق لیگ۔ فوٹو:فائل

HYDRABAD: حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے دعوی کیا ہے کہ انہیں وفاقی وزرا نے مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیراعظم عمران خان پنجاب میں تبدیلی کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کی جانب سے حکومت میں رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں کے ساتھ طویل مشاورتی عمل ہوا۔ جس کے بعد مسلم لیگ (ق) نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پنجاب میں تبدیلی کے لئے تیار ہیں، تاہم اس حوالے سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اور وفاقی وزار اسد عمر اور پرویز خٹک نے مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ اور مونس الہی سے مذاکرات کے کئی دور کئے، اور وفاقی وزرا کی کمیٹی نے مسلم لیگ (ق) کو پنجاب میں تبدیلی کے حوالے سے بتایا ہے، لیکن یہ تبدیلی کب ہوگی اس حوالے سے وفاقی کمیٹی نے فوری تاریخ دینے سے انکار کردیا ہے، البتہ انہوں نے یہ کہا ہے کہ وفاق میں عدم اعتماد کے بعد پنجاب کا فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے بھی اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وفاقی وزرا کی تین رکنی کمیٹی نے بتایا کہ وزیر اعظم پنجاب کے وزیر اعلی کو تبدیل کرنے کے لئے رضامند ہوگئے ہیں، اور ہمیں کمیٹی کے وزرا نے کہا کہ مبارک ہو مبارک ہو۔ جس پر ہم نے کہا کہ کس بات کی مبارک؟، تو وفاقی کمیٹی کے وزرا نے کہا کہ وزیر اعظم پنجاب میں تبدیلی پر متفق ہوگئے ہیں۔ اور جب ہم نے پوچھا کہ کب تک ہوگا، تو انہوں ںے جواب دیا کہ وفاق کی عدم اعتماد گزر جائے۔

طارق بشیر چیمہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا حکومت نے ہمیں بچہ سمجھا ہے، ہم کیسے یقین کر لیں کہ وفاق میں عدم اعتماد کے بعد حکومت اپنے وعدے پر کیا فیصلہ کرتی ہے، اپوزیشن کی جانب سے ہمیں وزیر اعلٰی کی پیشکش ہے لیکن حکومت کی طرف سے لولی پاپ ہے، وزیر اعظم کو چیزوں کو سنجیدہ لینا چاہیے، انہوں نے اس معاملے پر انڈر 16 ٹیم میدان میں اتاری ہوئی ہے۔

طارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ ہمیں اگلے 48 گھنٹو ں میں فیصلہ کرنا ہے، پارٹی میں حتمی فیصلے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے، وفاقی وزرا کئ ٹیم کے جانب سے ق لیگ سے مزید کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

دریں اثنا حکومت نے اتحادی جماعت ق لیگ سے رابطے مزید تیز کر دیے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کے بعد آج فواد چوہدری بھی ق لیگ قیادت سے ملاقات کریں گے۔ فواد چوہدری کی ملاقات وفاقی وزیراسد عمر کے ساتھ ملاقات کا تسلسل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا خصوصی پیغام ق لیگ کی قیادت تک پہنچائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔