شہباز شریف اور فضل الرحمان کی عمران خان کو زبان قابو میں رکھنے کی دھمکی

زبان ٹھیک نہ کی تو ہمیں قابو کرنا آتا ہے، بداخلاق شخص کو وزیراعظم نہیں ہونا چاہیے، شہباز شریف، فضل الرحمان


ویب ڈیسک March 11, 2022
زبان ٹھیک نہ کی تو ہمیں قابو کرنا آتا ہے، بداخلاق شخص کو وزیراعظم نہیں ہونا چاہیے، شہباز، فضل الرحمان (فوٹو : فائل)

کراچی: شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زبان کو قابو میں رکھیں ورنہ انہیں قابو کرنا آتا ہے، بداخلاقی کرنے اور گالیاں دینے والے شخص کو وزیراعظم نہیں ہونا چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جو زبان استعمال کررہے ہیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، وہ نواز شریف کو بھگوڑا کہہ رہے ہیں حالاں کہ وہ عنقریب خود بھگوڑا ہونے والے ہیں، عمران خان نیازی الیکشن میں دھاندلی کی پیداور ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ شہباز شریف بوٹ پالش کرتے ہیں حالاں کہ وہ خود اسٹیبلشمنٹ کے لائے ہوئے ہیں۔

عمران خان اپنی زبان قابو میں رکھو ورنہ ہمیں قابو کرنا آتا ہے، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ میں بوٹ پالش نہیں کرتا جب مشرف نے ہماری حکومت گرائی تو میں خود بھی اٹک جیل میں تھا اگر بوٹ پالش کرنے والا ہوتا تو جیلوں میں نہ جاتا، عمران خان اپنی زبان قابو میں رکھو ورنہ ہمیں قابو کرنا آتا ہے۔

عمران خان کو ناکوں چنے چبوادیں گے، شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے بہت بردباری کا مظاہرہ کیا حالاں کہ جے یو آئی کے ایم این ایز کے ساتھ ظلم کا مظاہرہ کیا گیا، تم ڈی چوک آؤ، ہم تمہارا بھرپور مقابلہ کریں گے اور تمہیں ناکوں چنے چبوادیں گے، میں پہلے عمران خان کی باتوں کا جواب نہیں دیتا تھا لیکن آج دیا ہے تاہم اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔

عمران خان میں شرفت نہیں وہ نام بگاڑتے اور بداخلاقی کرتے ہیں، فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی کیفیت خراب ہوچکی ہے ان کے حواس اڑچکے ہیں، شرافت عمران خان میں پیدائشی طور پر شرافت نہیں تھی پتا نہیں کہاں سے یہ قوم کے گلے پڑ گئے لیکن اب قوم کی نجات کے دن قریب آگئے ہیں، جب ہم نے کال دی تو ایک گھنٹے میں پورا مل جام ہوگیا، عمران خان سن لو ہم تمہیں جام کرنا جانتے ہیں، تم نام بگاڑتے ہو، بداخلاقی کرتے ہو ، تمہاری زبان بتارہی ہے کہ تم وزیراعظم بننے کے اہل نہیں، تمہیں وزیراعظم بنانا اس منصب کی بے توقیری ہے۔

عمرن خان کو لگام دی جائے، سربراہ پی ڈی ایم

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نوٹس لے وزیراعظم کس طرح عوام میں تقاریر کررہا ہے، عمران خان کو لگام دی جائے پاکستان اب مزید اس طرح کے لوگوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہمارے پاس اکثریت موجود ہے، آپ کے پاس ہے تو سیاسی جنگ لڑیں، عدم اعتماد کی تقاریر آتی ہیں تم حواس باختہ کیوں ہوگئے؟ اور گالیاں کیوں دیتے ہو؟ اس سطح کے انسان کو حکمران نہیں ہونا چاہیے۔

اگر میں نے کوئی پرمٹ لیا ہے تو کرپشن سامنے لائی جائے

وزیراعظم نے کہا کہ ہم عدم اعتماد کی تحریک نہیں بلکہ آپ کے خلاف جہاد لڑرہے ہیں، پھر معاملات سڑکوں پر آئیں گے اور انارکی کی طرف جائیں گے، اگر میں نے بطور وزیر کوئی پرمٹ لیے ہیں اور کرپشن کی ہے تو آپ کے پی کے میں چار سال سے ہیں ، ہمت ہے تو ہمارے خلاف کوئی کرپشن کیس لے آئیں۔

یہ پڑھیں : آرمی چیف نے کہا مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہیں، عمران خان

جنرل باجوہ کے ڈیزل کہنے سے منع کرنے کا علم نہیں

جنرل باجوہ کی جانب سے عمران خان کو ڈیزل کہنے سے منع کرنے کے صحاف کے سوال پر فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے ایسی کسی بات کا عمل نہیں، آپ جانتے ہیں میں کس سطح کی سیاست کرتا ہوں، میں ہمیشہ خیال رکھتا ہوں کہ اپنے کام سے کام رکھوں اور سول اور ملٹری بیورو کریسی کو الگ الگ رکھوں، دونوں ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

عمران خان کو وارننگ ہے کہ اپنی زبان ٹھیک کرلیں، فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے دن قریب آچکے ہیں، عمران خان کو وارننگ دے رہے ہیں کہ اپنی زبان ٹھیک کرلے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں