لاہور میں 6 برس بعد قومی ثقافتی کلچر کے رنگوں کی بہار

ہارس اینڈ کیٹل شو کا افتتاح جمعرات کو صدرِ مملکت نے کیا جبکہ اختتامی تقریب ہفتے کو منعقد کی جائے گی


آصف محمود March 11, 2022
پنجاب رینجرز کے اسپیشل ایگزی بیشن ڈرل اسکواڈ کی شاندارپرفارمنس پر حاضرین محظوظ ہوئے (فوٹو ایکسپریس)

پنجاب میں 6 برس بعد سجائے جانیوالے قومی ہارس اینڈ کیٹل شو کی رعنائیاں جاری ہیں۔ تین روزہ میگا ایونٹ 12 مارچ تک جاری رہے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل ہارس اینڈ کیٹل 2022 سماجی و ثقافتی پروگرام ہے اور پنجاب کو آغاز سے ہی اس کی میزبانی کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ یہ تقریب معاشرے کے مختلف طبقوں اور پاکستان کے تمام صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر کے کچھ حصوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان قومی اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کا شاندار اظہار ہے۔

چھ سال بعد لاہورکے فورٹریس اسٹیڈیم میں منعقد ہونے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے اہم پروگراموں میں گھوڑوں اور اونٹوں کا رقص، ٹینٹ پیکنگ، جانوروں کے مقابلے، گھڑ سواری، جمپنگ، ملٹری پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل پر ایکروبیٹک اسٹنٹ، گرے ہاؤنڈز ریس، چھاتہ برداروں کا فری فال، مویشیوں کی نمائش اورصوبائی کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ بھی اس ایونٹ کا حصہ ہے۔

پاکستان رینجرزپنجاب کے اسپیشل ایگزی بیشن ڈرل اسکواڈ کی شاندارپرفارمنس دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے جبکہ ٹینٹ پیکنگ مقابلوں میں خواتین کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔

شہریوں کا کہنا ہے 6 سال بعد ہارس اینڈ کیٹل شو اور اس کی بحالی پنجاب حکومت کے زراعت، لائیو اسٹاک، کھیلوں، صنعتوں، دستکاری اور ثقافت کو فروغ دینے کے حوالے سے بہترین اقدام ہے، جس سے ثقافتی سرگرمویں کو فروغ ملے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے اس ایونٹ سے پاکستان کی ثقافت کے مختلف رنگ اجاگر ہورہے ہیں، جس کی بدولت قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔

نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے موقع پر صنعتی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ زراعت، لائیواسٹاک، انڈسٹری، باغبانی سمیت مختلف محکموں کی طرف سے اسٹال سجائے گئے ہیں۔

آزادکشمیرسمیت تمام صوبوں کے روایتی کلچرکو ماڈل کے ذریعے اجاگرکیا گیا ہے اور یہاں مختلف صوبوں کی دست کاری اور ثقافت کے رنگ بھی نظر آرہے ہیں۔ واضح رہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا افتتاح جمعرات کے روز صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کیا جس کی اختتامی تقریب ہفتے کے روز منعقد کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں