کراچی ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں
دونوں ٹیموں میں تبدیلیوں کا امکان
لاہور:
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں، گرم موسم میں اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر میچ کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فائنل الیون کے اسکواڈ کا اعلان میچ سے قبل ہوگا جبکہ مہمان ٹیم نے ڈرا ہونے والے پنڈی ٹیسٹ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، لیگ اسپنر مچل سوئسپین کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی، ان کو جوش ہنرل ووڈ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم دو اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔
آسٹریلوی ٹیم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 24 سال قبل کھیلا تھا جو ڈرا ہوا تھا۔
دریں اثنا پاکستان اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیموں نے دوسرے دن جمعہ کو پریکٹس سیشن کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں اپنی مشقوں کاسلسلہ جاری رکھا، دونوں ٹیموں کو مقامی ہوٹل سے سخت ترین حفاظتی حصار میں میں اسٹیڈیم پہنچایا گیا جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف اور اندر سخت ترین سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیوریٹر آغا زہد کی زیر نگرانی میچ کے لیے وکٹ تیاری کرلی گئی ہے، پچ پر سے گھاس ختم کر دی گئی ہے جس کے بعد فلیٹ وکٹ سامنے آئی ہے، میچ میں ٹاس جیتنے والی ٹیم کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی سی بی حکام میچ میں تماشائیوں کی عدم دلچسپی کے سبب متفکر نظر آرہے ہیں، اسٹیڈیم کے انکلوژرز کو تماشائیوں سے بھرنے کے لیےاعزازی ٹکٹ جاری کرنے کے ساتھ اسکول وکالجز سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو مفت میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔
سیکوریٹی اداروں نے اسٹیڈیم کا حفاطتی انتظام سنبھال لیا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کے کمانڈوز کا خصوصی دستہ بھی اسٹیڈیم پہنچ چکا ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام رات گئے تک جاری رہا، میچ کی سیکیورٹی کے لیے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 5ہزار 276 پولیس اہلکار سیکیورٹی پرمامور ہونگے، ایس ایس یو کے 1148 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے 1667اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے، ٹریفک پولیس کے 1398، اسپیشل برانچ کے430، ریپڈ رسپانس فورس کے375اہلکارتعینات ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ رہا تھا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ لاہور میں 21 مارچ سے شروع ہوگا۔