مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری تنویر دبئی فرار کی کوشش میں گرفتار

چوہدری تنویر بدعنوانی کے کیسز میں اینٹی کرپشن پنجاب کو مطلوب ہیں اور ان کا نام واچ لسٹ میں بھی ڈالا گیا تھا


Staff Reporter March 11, 2022
لیگی رہنما کو اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے گا (فوٹو، ایکسپریس)

ایف آئی اے امیگریشن حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر غیرملکی ایئرلائن کے ذریعے دبئی فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری تنویر کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق سابق لیگی ایم این اے چوہدری تنویر کی گرفتاری جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر اس وقت عمل میں آئی جب وہ ایک غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی فرار ہونا چاہتے تھا۔

چوہدری تنویر بدعنوانی کے کیسز میں اینٹی کرپشن پنجاب کو مطلوب ہیں اور ان کا نام واچ لسٹ میں بھی ڈالا گیا تھا۔

ملزم کے خلاف راولپنڈی میں اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے اینٹی کرپشن پنجاب کو چودھری تنویر کی گرفتاری سے متعلق مطلع کردیا گیا ہے، آج انہیں اینٹی کرپشن کے حوالے بھی کیا جائے گا۔

'اگر چوہدری تنویر پر مقدمہ درج تھا تو انہیں قانونی طریقے سے گرفتار کیا جاتا'

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر کو ایئرپورٹ کے احاطے سے ایف آئی اے نے غیر قانونی طریقے سے حراست میں لیکر پنجاب اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کردیا۔ یہ بات مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری تنویر پر پنجاب میں مقدمہ تھا تو قانونی طریقے سے پکڑتی ، پی ٹی آئی کے رہنما شیخ رشید کے کہنے پر غیر قانونی طریقے سے پکڑا ہے انھوں نے کہا چوہدری تنویر کی گرفتاری غیر قانونی ہے جمعے کی رات سے انھیں تلاش کر رہے ہیں مگر وہ کہیں ملے انتظامیہ سے بھی معلوم کیا مگر کسی نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

نہال ہاشمی نے بتایا کہ کافی تلاش کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ چوہدری تنویر کو ایئر پورٹ تھانے میں حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے، تھانے گئے مگر تھانے بھی کچھ نہیں بتایا اور لاعملی کا اظہار کیا جب ملیر کورٹ میں چوہدری تنویر کی حبس بیجا میں رکھنے کی پٹیشن دائر کی تو جوڈیشنل مجسٹریٹ نے ایئر پورٹ تھانے پر چھاپہ مارا مگر وہ نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکناں نے ایئر پورٹ ٹرمنل پہنچ کراحتجاج کیا کہ چوہدری تنویر کو رہا کرو کے نعرے بھی لگائے ، کچھ دیر مظاہرے کرنے کے بعد پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ ایک سوال کے جواب میں نہال ہاشمی نے کہا چوہدری تنویر کی گرفتاری پر اگلا لائے عمل طے کریں گے۔ وفاقی حکومت ملک کو اندھیروں میں لے جارہی ہے چوہدری تنویر دل کے امراض میں مبتلا ہے انھیں کچھ ہوا تو حکومت کے خلاف کارروائی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔