ڈاکٹر عاصم حسین کی تیسری بار چیئرمین ایچ ای سی سندھ بننے سے معذرت

ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے فیصلے سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کر کے مستقل چیئرمین کی تقرری کی سفارش کردی

ڈاکٹر عاصم حسین اعلیٰ تعلیمی کمیشن میں بطور چیئرمین 2014 سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں ۔ فوٹو: فائل

سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے تیسری مدت کے لیے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی ہے اور وزیر اعلی سندھ سے کمیشن کے لیے جلد نئے مستقل سربراہ کے تقرر کی سفارش بھی کردی ہے تاہم نئے سربراہ کی تقرری تک وہ ذمہ داری انجام دتیے رہیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین نے جمعہ کو وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کرکے انہیں مزید ذمہ داری ادا نہ کرنے سے آگاہ کیا اور معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تیسری بار اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے چیئرمین کی ذمہ داری نہ دی جائے۔

ڈاکٹر عاصم حسین سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے عہدے کی چار چار سال کے لیے دو مدتیں پوری کرچکے ہیں اور 26 جنوری سے تاحکم ثانی چیئرمین کی آسامی پر کام کررہے ہیں، جس کے بعد اطلاعات تھیں کہ صوبائی اسمبلی سے سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن ایکٹ میں ترمیم کراکے ڈا کٹر عاصم حسین کو عہدے کی تیسری مدت بھی دی جارہی ہے کیونکہ ایکٹ کے مطابق کوئی بھی سربراہ مسلسل دو مدت کے لیے سندھ ایچ ای سی کا چیئرمین رہ سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ اس سلسلے میں سمری بناکر صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے بھی بھجوائی جاچکی تھی تاہم ڈاکٹر عاصم حسین کی وزیر اعلی سندھ سے معذرت کی جس کے بعد صورت حال تبدیل ہوگئی ہے۔


ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کرکے انھوں نے سندھ ایچ ای سی کی تیسری مدت لینے سے انکار کردیا ہے اور وزیر اعلی سندھ سے کہا ہے کہ جلد اس عہدے پر مستقل سربراہ کی تعیناتی کردی جائے۔

ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ کچھ ایجوکیشن مافیا اور بعض سیاسی جماعتوں کے لوگ ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں جو نہیں چاہتے کہ وہ ایچ ای سی کے لیے کام کریں لہذا انہوں نے وزیر اعلی سندھ کو صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے تیسری مدت کے لیے چیئرمین بننے سے معذرت کی ہے۔

واضح رہے کہ 18رویں ترمیم کے بعد سندھ میں صوبائی سطح پر ایچ ای سی قائم کی گئی جس کے بعد جنوری 2014 میں ڈاکٹر عاصم حسین کو اس کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جبکہ جنوری 2018 میں انھیں دوسری مدت کے لیے بھی سندھ ایچ ای سی کی سربراہی دی گئی تھی۔

اُدھر جب انہیں تیسری مدت کے لیے چیئرمین بنانے کی اطلاعات سامنے آئیں اور انھیں تاحکم ثانی چیئرمین سندھ ایچ ای سی تعینات کیا گیا تو معاملہ عدالت چلا گیا جس کی سماعتوں کا سلسلہ فی الحال جاری ہے۔
Load Next Story