سندھ کے 85 دیہاتوں کو گیس فراہمی کیلیے فنڈز جاری کردیے گئے

مجموعی لاگت 90 کروڑ 92 لاکھ روپے آئے گی، وفاق 74 کروڑ روپے فراہم کریگا


Shahbaz Rana March 12, 2022
مجموعی لاگت 90 کروڑ 92 لاکھ روپے آئے گی، وفاق 74 کروڑ روپے فراہم کریگا . فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے سندھ کے 85 دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کے لیے 74 کروڑ 75 لاکھ روپے اضافی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ کی معاشی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعے کے روز ہوا جس کی صدارت وزیر خزانہ شوکت ترین نے وڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے گیس فیلڈ کے پانچ کلومیٹر اطراف کے علاقوں کو گیس فراہمی کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے پیٹرولیم ڈویزن کے لیے 74 کروڑ 75 لاکھ روپے کی رقم کی منظوری دی گئی جس وہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو جاری کرے گا تاکہ سندھ کے 85 دیہاتوں کوروں مالی سال کے دوران گیس فراہم کی جاسکے۔

اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں ایک کیس کی سماعت بھی ہوئی جس میں گیس فیلڈ کے پانچ کلومیٹر اطراف میں گیس فراہمی کے معاملے کا جائزہ لیا گیا تھا اور سیکریٹری پیٹرولیم اور سیکریٹری فنانس کو ہدایت کی تھی کہ وہ عدالت کے روبرو 14 مارچ کو پیش ہو کو اس پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ ذراؤ کے مطابق وفاقی حکومت نے توہین عدالت کے کسی بھی نوٹس سے بچنے کے لیے ہنگامی طور پر اس گرانٹ کی منطوری دی ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق منظور کیے گئے فنڈز کے ذریعے سانگھڑ، خیرپور، جامشورو، بدین، دادو، قمبر اور شہداد کوٹ کے علاقوں کو گیس فراہم کی جائے گی۔ 85 دیہاتوں کو گیس فراہمی کے منصوبے پر 90 کروڑ 92 لاکھ روپے لاگت آئے گی جس میں سے سوئی سدرن گیس کمپنی 20 کروڑ 38 لاکھ روپے فراہم کرے گا جبکہ دیگر رقم وفاقی حکومت کی جانب سے دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔