علیم خان نے ترین گروپ سے راہیں جدا کرلیں
علیم خان اور عون چوہدری کی ملاقات ناکام رہی جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما اسلام آباد روانہ ہوگئے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ سے راہیں جدا کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ترین گروپ کی علیم خان سے اُن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات ناکام رہی جس کی اندروانی کہانی بھی سامنے آگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ دورانِ ملاقات ترین گروپ کے سخت گیر اراکین کی وجہ سے علیم خان گروپ کی دوریاں مٹ نہ سکیں، جس کے بعد علیم خان نے اپنی سیاسی حکمت عملی اور سرگرمیوں کو ترین گروپ سے علیحدہ کرلیا اور وہ ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران علیم خان نے ترین گروپ کے رویے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا جس پر عون چوہدری نے اپنے گروپ کے سخت گیر ارکان کے رویے کی وضاحت کی اور علیم خان سے معذرت بھی کی، جسے انہوں نے مسترد کردیا۔
ملاقات میں ترین گروپ کے سعید اکبر نوانی نے شریک ہونا تھا لیکن علیم خان اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ علیم خان اپنا دورۂ لندن مکمل کر کے وطن واپس لوٹے ہیں، برطانیہ میں اُن کی سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر نوازشریف سے ملاقات ہوئی جبکہ علیم خان نے جہانگیر ترین سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔