ایک ہی دن میں 2 مال گاڑیوں کو حادثات

حیدرآباد میں مالی گاڑی کی 7 جبکہ لودھراں میں ایک بوگی ٹرین سے اتر گئی

بوگیاں پٹری سے اترنے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی (فوٹو فائل)

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد اور لودھراں میں مالی گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا مگر ٹرینوں کی آمد ورفت بری طرح سے متاثر ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدرآباد کے آؤٹر سگنل پر مال گاڑی کی 7 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، جس کے باعث اپ ٹریک مکمل بلاک ہو گیا۔

دوسری جانب لودھراں کے بعد پہلے ریلوے اسٹیشن جمرانی واہ پر بھی مال گاڑی کی آخری بوگی پٹری سے نیچے اترگی۔ حادثے کے بعد ریلوے حکام نے 38ڈاؤن فرید ایکسپریس ٹرین کو کہروڑپکا ریلوے اسٹیشن پر روک دیا۔


محکمہ ریلوے کے چیف ایگیزیکٹیو آفیسر ظفر زمان رانجھا نے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریلیف ٹرینوں کو جائے حادثہ کی جانب ایک طرف سے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ اُن پٹریوں پر تمام ٹرینوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا ہے۔

سی ای او ظفر زمان رانجھا نے بتایا کہ متعلقہ ڈی ایس ریلوے کو ریلوے ٹریفک جلد بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان دونوں واقعات کے باوجود مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا۔

ظفر زمان نے ڈی ایس ریلوے سے جائے حادثہ کی رپورٹس طلب کیں اور جلد از جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Load Next Story