خصوصی عدالت کا فیصلہ نہیں مانتے عوامی عدالت جائیں گے قصوری

ایمرجنسی لگاتے وقت مشرف آرمی چیف تھے،خصوصی عدالت سمیت تمام ججز متعصب ہیں


INP February 22, 2014
ایمرجنسی لگاتے وقت مشرف آرمی چیف تھے،خصوصی عدالت سمیت تمام ججز متعصب ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

خصوصی عدالت میں غداری کے مقدمے میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمدرضا قصوری نے عدالت کی جانب سے سماعت اختیار کے خلاف دی جانے والی درخواستوں کو مسترد کرنے کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ خصوصی عدالت نے حقائق کے منافی فیصلہ دیا۔

سابق صدر نے جب ایمرجنسی کا نفاذ کیا تو وہ اس وقت آرمی چیف تھے، بحیثیت آرمی چیف ان پر فوجی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے، اس سے قبل بہت سے لوگوں نے آئین و قانون کو توڑا ، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 209کو پامال کرتے ہوئے 106ججز کو گھر بھیجا، خصوصی عدالت سمیت تمام ججز متعصب ہیں، فیصلہ نہ صرف ہمارے بلکہ پوری عوام کیلیے بھی سرپرائز پلس ہے، پرویز مشرف کا فیصلہ خصوصی عدالت نہیں عوامی عدالت کرے گی،11 مارچ کو سابق صدر عدالت میں پیش ہوتے ہیں یا نہیں یہ اسی وقت دیکھا جائے گا۔ خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ خصوصی عدالت کے ججز نے سابق صدر کے خلاف تعصب پر مبنی فیصلہ کیا ہے ، ہم چاہتے تھے کہ شاید کوئی بیچ کا راستہ نکل آئے اور پاکستان میں آنے والا عذاب ٹل جائے لیکن متعصب ججز نے حقائق کو مسخ کرکے تعصب پر مبنی فیصلہ دیا۔

احمد رضا قصوری نے کہا کہ پرویز مشرف نے جب ایمرجنسی کا نفاذ کیا تھا اس وقت وہ پاک فوج کے سربراہ تھے اس لیے آرمی ایکٹ 1952 کا اطلاق ان پر ہوتا ہے۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ رانا اعجاز نے خصوصی عدالت کے ججز کے فیصلے کو قاتلانہ فیصلہ کہا تو یہ ان کا ردعمل تھا ہر شخص کا ردعمل مختلف ہوتا ہے۔ ایک صحافی کے سوال کہ کیا آپ دھمکی دے رہے ہیں پر احمد رضا قصوری نے کہا کہ ستاروں سے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں، تمام ججز متعصب ہیں 31جولائی کے فیصلے میں سابق صدر کو نااہل قرار دیا گیا تھا، 3نومبر کا مقدمہ اسی فیصلے کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ ہم خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف عوامی عدالت میں جائیں گے اب فیصلہ خصوصی عدالت نہیں عوامی عدالت ہی کرے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں