سندھ حکومت کی بغیر اشتہار چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کی کوشش

چیئرمین کے عہدے کے لیے تین ناموں کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی


Safdar Rizvi March 12, 2022
سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کا معاملہ سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے (فوٹو فائل)

LONDON: صوبائی حکومت نے سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے نئے مستقل چیئرمین کی تعیناتی اشتہار کے بغیر براہ راست کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے ایک نئی سمری تیار کرکے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو بھیجی جانے والی سمر میں حال ہی میں ضیاء الدین یونیورسٹی کا چارج چھوڑنے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ اور چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع کے نام شامل ہیں۔

یہ سمری سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے گریڈ 19 کے سیکریٹری معین صدیقی کی جانب سے تیار کی گئی ہے جس میں کمیشن کے نئے چیئرمین کے لیے اشتہار جاری کرنے کی بات نہیں کی گئی ہے بلکہ اس کے برعکس مذکورہ تین میں سے کسی ایک کو چار سال کے لیے چیئرمین سندھ ایچ ای سی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر عاصم حسین کی تیسری بار چیئرمین ایچ ای سی سندھ بننے سے معذرت

سمری میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ حکومت سندھ آئندہ منگل سے قبل ان تین میں سے کسی ایک نام کی بطور چیئرمین تقرری کردے کیونکہ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے زیر سماعت کیس کی سماعت ہونی ہے۔

اس سے قبل سیکریٹری سندھ ایچ ای سی معین صدیقی نے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی ہدایت پر ڈاکٹر طارق رفیع کی بغیر کسی اشتہار کے بطور چیئرمین چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کی سمری بھجواکر تعیناتی کرائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں