رینٹل پاور کیس پرویز اشرف شاہد رفیع کیخلاف 2 نیب ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

سابق وزیراعظم اورسیکریٹری پانی وبجلی ودیگرملزمان پراختیارات کے ناجائزاستعمال اور 6 کروڑ ڈالر خوردبرد کا الزام ہے


Numainda Express February 22, 2014
نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں 98 لاکھ کی کرپشن پر 2 افراد کے خلاف ریفرنس کی منظوری بھی دی گئی۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ، سابق سیکریٹری شاہد رفیع سمیت دیگر ملزمان کے خلاف رینٹل پاور اسکینڈل میں مزید2ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دیدی۔

نیب ذرائع کے مطابق راجا پرویز اشرف اور دیگر ملزمان پر ان 2 ریفرنسز میں 6 کروڑڈالرکی خورد بردکاالزام ہے۔ چیئرمین نیب چوہدری قمرزمان کی صدارت میں جمعے کونیب ایگزیکٹو بورڈکااجلاس ہوا جس میں ملتان، ساہیوال اور سیالکوٹ میں رینٹل پاور منصوبوں میںمبینہ کرپشن اورکرپٹ پریکٹسزکی انویسٹی گیشن رپورٹ کے جائزے کے بعد ملزمان کے خلاف پیش کردہ ثبوتوں کی روشنی میں ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائزاستعمال اور مجاز حکام کے سامنے حقائق کو چھپانے کاالزام ہے۔

ریفرنس میں کہا گیا کہ ملزمان نے حقائق کو چھپا کر متعلقہ حکام سے کنٹریکٹ کی منظوری لی۔کنٹریکٹ کیلیے بولی کے مرحلے میں بھی تبدیلی کی گئی جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، اس سلسلے میں نیب نے2 ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اجلاس میں غیر قانونی طریقے سے پلاٹ کی الاٹمنٹ میں98لاکھ کی کرپشن کے الزام میں ملزمان راجا الطاف اور راجا حنیف کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں