ن لیگی سینیٹر چوہدری تنویر عدالت میں پیش جسمانی ریمانڈ منظور

جب شیخ رشید جیل میں ہوں گے تو ان کی مانیٹرنگ خود کروں گا، چوہدری تنویر کی احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو

عدالت کا چوہدری تنویر کا طبی معائنہ کرنے، ادویات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر چوہدری تنویر کو راولپنڈی کی عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے طبی معائنہ کرنے، ادویات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے گرفتار سینیٹر کو عدالت میں پیش کردیا۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے لیگی رہنما کو سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی پر تھانہ کینٹ سے ضلع کچہری پہنچایا جہاں انہیں ڈیوٹی جج مجتبی الحسن کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر لیگی کارکنان بھی عدالت کے باہر موجود تھے جو حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔

چوہدری تنویر کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل کی تکلیف ہے اور انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے، وکلاء کی بحث کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔


جب شیخ رشید جیل میں ہوں گے تو ان کی مانیٹرنگ خود کروں گا، چوہدری تنویر

احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر چوہدری تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت گھبرا چکی ہے، قوم کے بچے نے ان پر عدم اعتماد کر دیا ہے، انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے لیے خصوصی پیغام بھی دیا اور کہا کہ آنے والے دور میں جب وزیر داخلہ شیخ رشید جیل کے اندر ہوں گے تو ان کی مانیٹرنگ خود کروں گا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے ملزم کے طبی معائنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی اہل خانہ سے ملاقات کرانے اور ادویات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کر دی جس کے بعد اینٹی کرپشن حکام چوہدری تنویر کو بکتربند گاڑی میں ہی واپس لے گئے۔
Load Next Story