روس کا یوکرین کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر حملہ 35 ہلاک اور 134 زخمی

روس نے پہلی بار یورپی یونین کے رکن ملک پولینڈ کے قریب یوکرین کے فوجی اڈے پر حملہ کیا ہے


ویب ڈیسک March 13, 2022
فوجی اڈے پر روسی طیاروں نے درجنوں میزائل داغے، فوٹو: فائل

کراچی: روسی فوج نے پولینڈ کی سرحد پر یوکرین کے فوجی اڈے پر 30 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 134 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ سے محض 25 کلومیٹر دوری پر واقع یوکرین کے شہر يافوريف میں ملک کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر روسی طیاروں نے حملہ کردیا۔

خیال رہے کہ 140 مربع میل پر محیط اس فوجی اڈے میں یوکرینی اہلکاروں کو تربیت دینے کے لیے نیٹو کے ٹرینر بھی موجود رہے ہیں۔

يافوريف کے گورنر میکسم کوزیٹسکی نے میڈیا کو بتایا کہ روسی طیاروں نے ''یاوریو انٹرنیشنل سینٹر فار پیس کیپنگ اینڈ سیکیورٹی'' پر 30 راکٹ داغے جن میں سے کچھ کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم زیادہ تر فوجی اڈے میں گرے۔

گورنر میکسم کوزیٹسکی کے مطابق روسی فوج کے حملے میں 35 افراد ہلاک اور 134 زخمی ہوئے تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کوئی غیرملکی یا نیٹو اہلکار بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ روس کا یہ پہلا حملہ ہے جو یوکرین کے مغربی علاقے اور یورپی یونین کے رکن ملک پولینڈ کے قریب کیا گیا ہے تاہم اب تک یورپی یونین اور پولینڈ نے اس حملے پر ردعمل نہیں دیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں