مسلم لیگ ن کا تحریک عدم اعتماد کے روز شاہراہ دستور پر 20 لاکھ لوگ جمع کرنے کا اعلان

عدم اعتماد کے روز شاہراہ دستور پر 20 لاکھ لوگوں کا جلسہ کریں گے، احسن اقبال

حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں، سیکریٹری جنرل ن لیگ (فوٹو فائل)

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے عدم اعتماد کے دن شاہراہ دستور پر 20 لاکھ لوگوں کا جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا جس میں ان کا مزید کہنا تھا تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی نہیں عوام کی تحریک ہے، آج حکومت نے جو پاکستان کا حشر کیا ہے اگر یہ رخصت نہ ہوئی تو ملک کو دوبارہ درست راستے پر لانا مشکل ہوجائے گا۔


احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی و جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی اور آئین و عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے متحد ہیں، ملک سے بیرونی سرمایہ کاری بھاگ گئی ہے آج پورا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہوچکا ہے 4 سال مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی معیشت ناکام معیشت پیش کررہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران نیازی 20 ہزار ارب کے قرضے لے چکے ہیں سارے قرضے خسارہ پورا کرنے میں جھونک دیئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جتنے اسکینڈل اس حکومت کے آئے اتنے پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے، پی ٹی آئی کی کرپشن کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ تمام مافیاز کے نمائندے کابینہ میں بیٹھے ہیں اور ہر مافیا عمران خان کا ڈونر ہے۔
Load Next Story