سخت گرمی بھی شائقین کا حوصلہ پست نہ کرسکی

تماشائیوں نے چھٹی پر اسٹیڈیم میں رونق لگادی، عثمان خواجہ توجہ کا مرکز


تماشائیوں نے چھٹی پر اسٹیڈیم میں رونق لگادی، عثمان خواجہ توجہ کا مرکز ۔ فوٹو : پی پی آئی

کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز نیشنل اسٹیڈیم کا شائقین کرکٹ کا زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا۔

اتوار کی عام تعطیل کی وجہ سے تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، شائقین اپنے اہل خانہ کے ساتھ میچ سے لطف اندوز ہونے آئے ، ان میں نہ صرف بچے بلکہ شیرخواربھی شامل رہے، مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا اور طالبات بھی اسٹیڈیم پہنچے، ان کو شناختی کارڈ دکھانے پر اسٹیڈیم میں داخلے کی جازت دے دی گئی۔

وہیل چیئر پر موجود ایک خاتون بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئیں، شدید گرمی کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑی بلکہ تماشائی اور ذمہ داریاں ادا کرنے والے اہلکار بھی سخت پریشان دکھائی دیے، گرمی کی تمازت سے بچنے کے لیے مختلف انکلوژرز میں تماشائی سمٹ کر چھائوں میں بیٹھے نظر آئے، گرمی کے سبب اکثر تماشائی کے ہاتھوں میں پنکھے موجود تھے، اسٹیڈیم میں پانی کی بوتل لانے کی اجازت نہ ملنے پر گرمی سے نڈھال تماشائی پریشانی کا شکار رہے۔

تاہم پی سی بی کی جانب سے انکلوژرز میں پینے کے ٹھنڈے پانی کا انتظام تھا، بائونڈری لائن پارکرجانے والی گیند کو اٹھانے کے لیے آنے والے کھلاڑیوں کی جھلک دیکھنے کے لیے مداح دوڑتے ہوئے جنگلے کے قریب آتے ، بائونڈری لائن پر فیلڈنگ کرنے والے کرکٹرز پر تماشائی دلچسپ جملے کستے رہے جس سے کرکٹر لطف اندوز بھی ہوتے رہے، شوخ مزاج نوجوان اپنے ہمراہ باجے بھی لائے تھے، تاہم بیشتر تماشائی باجوں کی تیز آوازوں سے نالاں رہے، پاکستانی نڑاد آسٹریلوی بیٹرعثمان خواجہ تماشائیوں کی توجہ کا مرکز رہے، بہت سارے نوجوان اپنے ہمراہ قومی جھنڈے لے کر آئے، آسٹریلوی پرچم اٹھائے ایک نوجوان اسٹیڈیم میں گشت کرتا رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں