حکومت اور اپوزیشن اپنے جلسے منسوخ کریں چوہدری شجاعت

جلسے کرنا حکومت کا کام نہیں ہے، اس لڑائی میں کوئی مرا تو سب پچھتائیں گے، رہنما ق لیگ

جلسے کرنا حکومت کا کام نہیں ہے، اس لڑائی میں کوئی مرا تو سب پچھتائیں گے، رہنما ق لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے اعلان کردہ جلسوں کی منسوخی کی اپیل کردی۔

چوہدری شجاعت نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے، غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔


انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی اس کے مقابلے میں جلسے کرنے لگ گئی ہے جو حکومت کا کام نہیں ہے، ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں وہ فوراً ان کی منسوخی کا اعلان کریں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی وبیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں، اس لڑائی میں کوئی مارا گیا یا کسی کو مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے، ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ق لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے، دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے۔
Load Next Story