انسداد پولیو مہم کے دوسرے اورتیسرے مرحلے میں بھی موٹرسائیکل چلانے پر پابندی ہوگی، حکومت سندھ فوٹو:فائل
حکومت سندھ نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پشاور طرز کی حکمت عملی اپناتے ہوئے شہر کی 24 یونین کونسلز میں آج موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگادی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیش میں کہا گیا ہے کہ آج سے شروع ہونے والی پولیو مہم 3 مراحل میں مکمل کی جائے گی، پہلے مرحلے میں آج 24 یونین کونسلز میں پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس دوران صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ رضا کاروں کی سیکیورٹی کے لئے پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے رضا کاروں کی سیکیورٹی کی خاطر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ 27 اور 28 فروری کو شروع ہوگا جبکہ آخری مرحلے میں 2 مارچ کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس دوران موٹر سائیکل چلانے پر بدستور پابندی ہوگی۔