اسرائیل میں کورونا کا نیا ویرینٹ سامنے آگیا
اومی کرون ویرینٹ میں تبدیلی ہوئی ہے، ماہرین
چین میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد اسرائیل میں بھی کوویڈ-19 کی نئی قسم سامنے آگئی۔
خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کوویڈ کی قسم کے دو نئے کیسز ملک میں رپورٹ ہوئے ہیں تاہم غیر ضروری طور پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکام کا بتانا ہے کہ دونوں کوویڈ کیسز اومی کرون کی دو ذیلی اقسام میں تبدیلی کے بعد رونما ہوئے ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ڈیوڈ بین گوریان ایئرپورٹ پر پہنچنے والے دو مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کے دوران سامنے آئے تاہم دونوں ویرینٹ کو اب تک کوئی نیا نام نہیں دیا گیا ہے۔
نئے کوویڈ-19 کیسز کی علامات
اس وائرس کے شکار فرد کو بخار، سر میں درد اور جسم کے مختلف حصوں کے پتھوں میں درد کا ہونا ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اومی کرون کے انفیکشن کی ایک نئی لہر یورپ کے مشرق کی طرف بڑھ رہی ہے کیونکہ آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، جارجیا، روس اور یوکرین میں کیسز دگنے سے زائد ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں بھی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث 3 کروڑ سے زائد آبادی لاک ڈاؤن کا سامنا کررہی ہے جبکہ جنوبی کوریا میں پچھلے 7 روز کے دوران 24 لاکھ سے زائد نئے کوویڈ کیسز کے سامنے آئے ہیں۔