اکثریت کھونے کے بعد ایمرجنسی یا گورنرراج لگانا عمران خان کے اختیار میں نہیں فضل الرحمان

سیاسی جماعتیں امید رکھتی ہیں کہ عدالتیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گی، مولانا فضل الرحمان


ویب ڈیسک March 18, 2022
سیاسی جماعتیں امید رکھتی ہیں کہ عدالتیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گی، مولانا فضل الرحمان ۔ فائل فوٹو

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیار بھی عمران خان کے پاس نہیں کیونکہ وہ اکثریت کھو چکے ہیں۔

حکومت کی جانب سے اعلی عہدوں پر تقرریوں اور ٹرانسفرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ جمیعت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیر اعظم یا حکومت کی طرف سے کسی قسم کی ٹرانسفر یا تقرری یا اس سے منسلک حکم غیر دستوری اور غیر آئینی ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی فارن پوسٹنگ اقرباء پروری کی واضح مثال ہے، جو شخص گزشتہ کئی سال سے عمران خان کے سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیتا رہا اور اس کے اچھے برے اعمال میں شریک رہا، تحریک عدم اعتماد کے بعد فارن پوسٹنگ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے، اب کسی قسم کی پوسٹنگ، اپائنٹمنٹ یا اسے واپس لینا غلط قدم ہوگا اور اس کی مزاحمت کی جائے گی۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں امید رکھتی ہیں کہ عدالتیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گی، ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیار بھی عمران خان کے پاس نہیں کیونکہ وہ اکثریت کھو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں