جنگ کے خاتمے کیلیے ترک صدر نے روسی ہم منصب کو بڑی پیشکش کردی

ترک صدر نے ویڈیو لنک کے ذریعے روسی ہم منصب سے گفتگو کی


ویب ڈیسک March 18, 2022
ترک صدر نے روسی ہم منصب سے ویڈیو لنک پر بات کی، فوٹو: فائل

MADRID: صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے کچھ نکات پر روسی اور یوکرینی صدر کو براہ راست بات چیت کرنا چاہیئے جس کے لیے ترکی میزبانی کی پیشکش کرتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے یوکرین کی صورت حال پر اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کی جس میں یوکرینی صدر سے براہ راست ملاقات کرانے کے لیے میزبانی کی پیشکش بھی کی۔

ترک صدر نے روسی ہم منصب سے کہا کہ اعلیٰ سفارتی حکام کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں تاہم کچھ معاملات پر اتفاق رائے کے لیے آپ کو یوکرینی صدر سے براہ راست بات چیت کرنی چاہیئے۔

ترک صدر نے کہا کہ اگر روسی صدر اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے براہ راست مذاکرات کرنا چاہئیں تو ترکی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

صدر طیب اردوان نے روسی صدر سے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے جنگ بندی بے حد ضروری ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ترک صدر کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی امن مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں جو ابھی سفارتی سطح پر جاری ہیں اور کہیں میری ضرورت پڑی تو پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔