ایم کیو ایم کی تحریک عدم اعتماد پر مشاورت اکثریت کا اپوزیشن کا ساتھ دینے کا مشورہ
ایم کیو ایم کے ذرائع سے ملنے والی اطلا ع کے مطابق اپوزیشن کے ساتھ ایم کیو ایم کے تمام معاملات طے ہوگئے ہیں
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے متعدد رہنماؤں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا مشورہ دے دیا۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے ذرائع سے ملنے والی اطلا ع کے مطابق اپوزیشن کے ساتھ ایم کیو ایم کے تمام معاملات طے ہوگئے ہیں جبکہ رابطہ کمیٹی نے کار کنوں کے ساتھ مشاورت کے لئے 20 مارچ کو کارکنان کا اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے مشاورت مکمل کرلی، ایم کیو ایم کے بعض اراکین نے کچھ وقت انتظار کرنا کا مشورہ دیا ہے، فیصلے کا باضابطہ اعلان 24مارچ کو کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خالد مقبول صدیقی اور عامر خان ایم کیو ایم کے فیصلے سے آگاہ کریں گے اور کارکنان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے کہا کہ جمہوری عمل کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات میں ایم کیو ایم نے اپوزیشن رہنمائوں کو تجویز دی ہے کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد سب سے پہلے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ حکومتی تبدیلی کے اثرات عوام کو محسوس ہوسکیں۔