لاہور میں ایک اہم ریکارڈ ناتھن لائن کا منتظر

آسٹریلوی اسپنر مزید 27 اوورز کرانے پرشین وارن سے آگے بڑھ سکتے ہیں


Sports Desk March 19, 2022
آسٹریلوی اسپنر مزید 27 اوورز کرانے پرشین وارن سے آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کیخلاف لاہور ٹیسٹ میں ایک اور ریکارڈ آسٹریلوی اسپنر ناتھن لائن کا منتظر ہے۔

آف اسپنر ایشیامیں 3 ٹیسٹ کی سیریز میں زیادہ اوورز کرانے والے کینگرو بولر بن سکتے ہیں، ان سے قبل یہ اعزاز آنجہانی شین وارن کو حاصل ہے، لائن اب تک منعقدہ راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 142 اوورز (852 بالز ) کر چکے ہیں، جس میں انھوں نے 361 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیکر کامیاب ترین مہمان بولر کا ریکارڈ قبضے میں کررکھا ہے، بینوڈ ، قادر ٹرافی ہنوز برابر ہے۔

کراچی میچ میں ناتھن لائن نے 55 اوورز میں 112 رنز کے عوض 4 شکار کیے ہیں، لاہور میں مزید 27 اوورز بولنگ کرنے پر وہ شین وارن کا ریکارڈ توڑسکتے ہیں۔ وارن نے 2004 میں سری لنکا کے دورے میں 168 اوورز کیے تھے یعنی 1008 گیندیں انھوں نے کی تھیں، تاہم انھوں نے اس میں 20.04 کی اوسط سے 26 وکٹیں اڑائی تھیں۔

اس وقت کے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے میزبان اسپنر مرلی دھرن کامقابلہ کرنے کے لیے شین وارن پر ہی انحصار کیے رکھا تھا، تینوں سکے جیتنے والے پونٹنگ نے سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

آسٹریلیا کے عبوری ہیڈ کوچ اینڈریو مکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ لائن سردست اچھی فارم میں ہیں، ان کا اعتماد بھی خاصا بہتر ہے، انھیں کسی فرسٹریشن کا بھی سامنا نہیں ہے، کراچی میچ کے اختتامی دن بھی ان کی لائن ولینتھ بہت عمدہ تھی، ناتھن لائن نے 107 ٹیسٹ میں 421 وکٹیں اڑائی ہیں، اس فہرست میں ان سے آگے سری لنکن لیفٹ آرم اسپنر رنگانا ہیراتھ ( 93 میچزمیں 433 شکار) ایشون (86 میچزمیں 442 وکٹیں) اور مرلی دھرن ( 133 میچز میں 800 شکار ) نمایاں ہیں۔

غیرمانوس کندیشنز ناتھن لائن اب تک 7 بار اننگز میں 5 وکٹوں کا کارنامہ بھی انجام دے چکے ہیں، ان سے قبل شین وارن (11) اور ڈینیئل ویٹوری (8) نمایاں ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں کامیاب ترین بولر کا ریکارڈ عمران خان کے پاس ہے، جنھوں نے یہاں پر 11 میچز میں 17.63 کی اوسط سے 56 وکٹیں اپنے نام کررکھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں