ایشیائی کنڈیشنز میں ٹیسٹ میچز کھیلنا ہمیشہ سے چیلنج رہا ہے اسٹیو اسمتھ

لاہور میں باونسی پچ کی توقع نہیں کر رہا، آسٹریلیا کے نائب کپتان

اسٹیو اسمتھ کی ورچوئل پریس کانفرنس میں گفتگو۔ فائل : فوٹو

آسٹریلوی ٹیم کے نائب کپتان اسٹیو اسمتھ کہتے ہیں کہ ایشیائی کنڈیشنز میں ٹیسٹ میچز کھیلنا ہمیشہ سے چیلنج رہا ہے، اب تک سیریز بہت اچھی اور شاندار اسپرٹ میں کھیلی جا رہی ہے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ٹیسٹ میچز چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں، ہمیں یہاں آکر مختلف پچز پر کھیلنا اچھا لگ رہا ہے اور کوشش ہوگی کہ لاہور ٹیسٹ میں پرفارمنس کے معیار کو مزید بہتر بناکر یہ سیریز اپنے نام کریں۔

اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ہم آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے 172 اوورز چوتھی اننگز میں کھیل کر شاندار بیٹنگ کی، خاص طور پر بابر اعظم اور رضوان نے غیر معمولی اننگز کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ اور کئی چانسز ضائع کرنے کی وجہ سے یہ ٹیسٹ اپنے نام نہیں کرسکے جس کا افسوس ہے۔


نائب کپتان نے کہا کہ بابر اعظم نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈز بھی قائم کیے اور وہ ٹاپ فائیو بیٹرز میں شامل ہیں، ہمارے اسپنرز کے خلاف وہ بہت اچھا کھیلے، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق بھی چوتھی اننگز میں عمدہ کھیلے۔

اپنی ذاتی پرفارمنس کے سوال پر تجربہ کار بلےباز کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور کراچی کی پچز پر لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کی لیکن 70 کے اردگرد اسکور کر سکا۔ شاہین آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف کی ریورس سوئنگ کو پوزیشن میں آکر کھیلنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی یہی کوشش ہوگی کہ ہر گیند کو اس کے میرٹ کے مطابق کھیل کر اننگز کو بڑھاوں، سخت محنت کے بعد آوٹ ہونے پر یقینی طور پر دکھ ہوتا ہے۔ امید ہے کہ لاہور ٹیسٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گا۔

اسٹیو اسمتھ کے مطابق میں نے ابھی لاہور کی پچ نہیں دیکھی لیکن باونسی پچ کی توقع نہیں کر رہا اور مجھے لگتا ہے کہ پہلے دو ٹیسٹ میچز سے ملتی جلتی پچ ہوگی۔

نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی تک میں نے اردو الفاظ نہیں سیکھے، بریانی ہمارے ٹیم کے کمروں میں آئی تھی۔
Load Next Story