اپوزیشن میں ہمت ہے تو او آئی سی کانفرنس روک کردکھائے شیخ رشید

اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین ہمارے مہمان ہیں، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک March 19, 2022
(فوٹو: پی آئی ڈی)

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن میں ہمت ہے تو او آئی سی کانفرنس روک کردکھائے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین ہمارے مہمان ہیں اور پاک فوج نے سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہے۔

سوال کے جواب میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہم بڑے پیار سے اپوزیشن سے نمٹیں گے، کسی کی یہ اوقات نہیں کہ او آئی سی کانفرنس روک سکیں۔ یہ الیکشن ہار رہے ہیں اور عوام کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں، انکی سب سے بڑی حماقت تھی کہ اپنے بندوں کی ویڈیو بنوا کر سامنے لے آئے۔

مزید پڑھیں: امید ہے بلاول بھارتی آلہ کار بن کر او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ نہیں کریں گے، وزیر خارجہ

اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھمکی دی تھی کہ اگر پیر کو عدم اعتماد کی تحریک نہیں آنے دی جاتی تو وہیں دھرنے پر بیٹھ جائیں گے، دیکھتے ہیں کیسے او آئی سی کانفرنس منعقد ہوتی ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول نے نہایت ناسمجھی اور بوکھلاہٹ والا بیان دیا ہے، ان کے نمبرز پورے ہیں تو انہیں پُراعتماد اور پریشان تو ہمیں ہونا چاہیے تھا، لیکن پریشان ان کے چہرے ہیں۔

مولانا طاہر اشرفی کا بیان

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی امور مولانا طاہر اشرفی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر افسوس ہوا، او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس حزب اختلاف کے لئے بھی اتنا ہی باعث عزت ہے، جتنا حکومت کے لئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کا بڑا کردار ہے، اس کو فعال کرنے کے لیے ذوالفقارعلی بھٹو کو قیمت ادا کرنا پڑی، او آئی سی کے اجلاس کو روکنے کے لیے بھارت گزشتہ دو ماہ سے سازشیں کر رہا ہے ہمیں دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہے۔

مولانا طاہر اشرفی نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ ہماری حزب اقتدار اور حزب اختلاف سے اپیل ہے کہ 24 مارچ تک اسلام آباد میں تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں