تنزانیہ میں مسافر بس تیز رفتار ٹرک سے ٹکراگئی 22 افراد ہلاک

حادثے میں 38 مسافر زخمی بھی ہوئے جن میں سے 11 کی حالت نازک ہے

زخمیوں میں 11 کی حالت نازک ہے، فوٹو: فائل

کراچی:
تنزانیہ میں تیز رفتار ٹرک اور مسافر بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تنزانیہ میں مسافر بس سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکراگئی، تصادم اتنا خوفناک تھا کہ بس کے پرخچے اُڑ گئے۔ حادثہ تیز رفتار ٹرک کے موٹر سائیکل کو اوور ٹیک کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔


بس میں 60 سے زائد مسافر سوار تھے جنھیں ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 22 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ اسپتال میں خون کے عطیے کی اپیل کی گئی ہے۔

زخمیوں میں سے 11 کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تنزانیہ میں ٹریفک کا نظام محفوظ نہیں اور ایسے واقعات عام ہیں۔
Load Next Story