ملکی حالات اتنے گھمبیر نہیں جتنے پیش کیے جاتے ہیں گورنر

پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ سیریز دوستی کا پیغام ہے، کھلاڑیوں کے اعزاز میں عصرانے سے خطاب


Sports Reporter February 23, 2014
پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ سیریز دوستی کا پیغام ہے، کھلاڑیوں کے اعزاز میں عصرانے سے خطاب ۔فوٹو:فائل

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتیں چاہتی ہیں کہ اختلافات میں پڑنے کی بجائے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پرامن انداز میںبہتری کی جانب جائیں، پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ سیریز کا کامیاب انعقاد امن اور دوستی کا پیغام ہے۔

انھوں نے ان خیا لات کا اظہار دونوں ممالک کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عصرانے سے خطا ب میں کیا، گورنر ہاوس میں منعقد ہونے والی اس تقریب سے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، صوبائی سیکریٹری اسپورٹس لئیق احمد،ورلڈ بلائنڈ کونسل کے چیئر مین سید سلطان شاہ اوردونوں ٹیموں کے کپتانوں نے بھی اظہار خیال کیا ، اس موقع پر کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ سمیع صدیقی و دیگر بھی موجود تھے،گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش صورتحال کے اثرات خطے پر بھی پڑتے ہیں،تاہم پاکستان میں حالات اتنے گھمبیر نہیں جتنے پیش کیے جاتے ہیں، پاک بھارت کرکٹ ہمیشہ اہمیت کی حامل رہی ہے، بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔

امید ہے کہ جلد ہی غیر ملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، پاکستان اور کراچی کے حوالے سے منفی تاثر زائل ہوگا، بھارتی کرکٹرز امن اور دوستی کا پیغام لے کر جائیں،گورنر سندھ نے مقامی انتظامیہ، کراچی پولیس اورمحکمہ کھیل کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ صوبے خاص طور پر شہر قائد میں کھیلوں کے حوالے سے مرحوم صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،کمشنر کراچی نے کہا کہ سیریز کا کامیاب انعقاد پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے،پاکستانی کپتان ذیشان عباسی نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے پذیرائی کی طرح دیگر صوبے بھی حوصلہ افزائی کریں، بھارتی کپتان شیکھر نائیک نے کہا کہ پاکستان میں ملنے والی محبت اور پیار کو کبھی بھی نھیں بھلا پائیں گے،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتریکے لیے کھیلوں کے مقابلوں کو فروغ دیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں