پروفیسر جاوید قاضی کا قتل بلدیاتی اسپتالوں میں کل او پی ڈی بند رکھنے کا فیصلہ

پیر سے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں تدریسی عمل مکمل طور پرمعطل رہے گا،تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے


Staff Reporter February 23, 2014
پروفیسر جاوید قاضی کے قتل کیخلاف عباسی اسپتال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث مریض پریشان ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پروفیسرآف پیتھالوجی اورکراچی یونیورسٹی کے ڈین آف میڈیسن پروفیسر جاوید قاضی کے قاتلوں کی گرفتاری تک بلدیہ عظمی کے ماتحت چلنے والے عباسی شہید اسپتال سمیت دیگرتمام اسپتالوں میں پیر سے اوپی ڈی کابائیکاٹ جبکہ کالج میں پیر سے تدریسی عمل معطل رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

پیرکو ایڈمنسٹریٹر کے دفتر سوک سینٹرکے سامنے کالج کے اساتذہ سمیت طالب علم بھی احتجاجی مظاہرہ کریںگے، اس بات کافیصلہ ہفتہ کوکراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میںکیاگیا جس کی صدارت کالج کے پرنسپل اور چیئرمین اکیڈمک کونسل پروفیسر وقارکاظمی نے کی، اجلاس میں بلدیہ عظمٰی کراچی کے ماتحت چلنے والے اسپتالوں کے سربراہوں،کالج کی ارکان فیکلٹی نے شرکت کی،کونسل اجلاس میں پروفیسرجاوید قاضی کوٹارگٹ کرکے بہیمانہ قتل کیاگیاجس کی وجہ سے کالج اورملک ایک عظیم پیتھالوجسٹ سے محروم ہوگیا جس کاکوئی متبادل نہیں ،کونسل اجلاس کے شرکا نے پروفیسر جاویدقاضی کے قتل کیخلاف شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو قابوکرنے میں مکمل ناکام ہوگئی، ڈاکٹروں کو ٹارگٹ کرکے قتل کیاجارہا ہے۔

ڈاکٹروں کوکلینکوں میں بھتے کی پرچیاں دی جارہی ہیں،بھتہ نہ دینے کی صورت میں انسانی جانوں سے کھیلا جارہا ہے، کراچی میں جنگل کا قانون نافذ ہے،قاتل دندناتے پھر رہے ہیں،کونسل کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیاگیا کہ عباسی شہید اسپتال سمیت دیگر بلدیہ عظمٰی کے تحت چلنے والے تمام اسپتالوں کی اوپی ڈی مکمل بند رکھی جائے گی تاہم اسپتالوں میں شعبہ ایمرجنسی کھلا رہے گا جاری رکھی جائیگی،کالج کا تدریسی عمل بھی معطل رہے گا اور کالج میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے، پیر سے ایڈمنسٹریٹر کے سامنے صبح 11بجے سے احتجاجی مظاہرہ کریں اور سوک سینٹر اورکالج کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا جائیگاکونسل اجلاس میں گورنر سندھ اوروزیرا علیٰ سندھ سے مطالبہ کیاگیا کہ پروفیسر جاوید قاضی کے قاتلوں کو فوری گرفتارکرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں