کینیڈا کی مسجد میں نمازیوں پر کلہاڑی سے حملہ کرنے والا گرفتار
کینیڈا میں کلہاڑی بردار شخص کی مسجد پر حملے کے دوران نمازیوں کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس نے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
کینیڈین میڈیا کے مطابق شہر میسیساگا میں واقع مسجد دار التوحید اسلامک سینٹر میں نماز فجر کے وقت 24 سالہ شخص نے کلہاڑی کے ساتھ نمازیوں پر حملے کی کوشش کی۔ ملزم اپنے ساتھ پیپر اسپرے بھی لایا تھا (جو عموماً ریچھ کو بھگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے) تاکہ اس سے لوگوں کی مزاحمت کو کم کرسکے تاہم اسے کامیابی نہ ملی۔
مسجد کے امام نے بتایا کہ ملزم کلہاڑی اور بیئر اسپرے لے کر آیا، بیئر اسپرے سے چند نمازی زخمی بھی ہوئے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ایک شخص تین نمازیوں پر بیئر اسپرے کرنے کی کوشش کررہا تھا جوکہ کلہاڑی اٹھایا ہوا تھا، لوگوں کے چیخنے پر نماز کی پہلی صف میں موجود لوگوں کو اس بات کا احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے، اسی وقت ایک نمازی پیچھے مڑا اور اس نے حملہ آور کے ہاتھ سے کلہاڑی گرادی اور اسے پکڑلیا اور اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک پولیس نہ آگئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص کا نام محمد معیز عمر ہے جس کے خلاف چھ مقدمات درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔