طالبان نے 3 صحافیوں کو رہا کردیا

تینوں صحافیوں کو طلوع نیوز کے دفتر سے جمعرات کو حراست میں لیا گیا تھا


ویب ڈیسک March 20, 2022
جمعرات کو طلوع نیوز کے دفتر پر چھاپہ مار کر صحافیوں کو گرفتار کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

LONDON: طالبان حکومت نے طلوع ٹی وی سے تعلق رکھنے والے تین صحافیوں کو رہا کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا کریک ڈاؤن کے دوران طالبان حکام نے مقامی ٹیلی وژن ''طلوع نیوز'' پر چھاپہ مارا اور تین صحافیوں کو گرفتار کرکے لے گئے تھے تاہم اب صحافیوں کو رہا کردیا گیا۔

ترجمان طالبان نے کہا کہ 2 صحافیوں کو گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ہی رہا کردیا گیا تھا جن میں ڈائریکٹر نیوز اور قانونی مشیر شامل تھے تاہم نیوز اینکر کو آج 2 روز بعد رہا کیا گیا۔

طلوع نیوز کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ان صحافیوں کو طالبان کی جانب سے غیرملکی ڈراموں کو نشر نہ کرنے کے حکم کی خبر کو بریک کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا۔

دوسری جانب طالبان کی خفیہ سروس نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ وہ کسی کو بھی اسلامی اصولوں کی خلاف ورزی اور افغان عوام کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ میڈیا ہاؤسز شر پسند اور شیطانی عناصر کے ہاتھوں میں کھیل کر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ایسے میڈیا ہاؤسز اپنا قبلہ درست کرلیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔