محمد نواز آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر
اسپنر تاحال انجری کا شکار ہیں
WASHINGTON:
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین وائٹ بال سیریز کے لیے محمد نواز کی جگہ زاہد محمود کو اسکوڈ میں شامل کرلیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق محمد نواز کی جگہ زاہد محمود کو آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد نواز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں پاؤں کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس سے وہ اب تک مکمل نجات حاصل نہیں کرسکے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے زاہد محمود لیگ اسپنر شاداب خان کے متبادل کے طور پر بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے، دونوں ٹیموں کے مابین وائٹ بال سیریز کا آغاز 29 مارچ سے لاہور میں ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاک آسٹریلیا سیریز: ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان ہوگیا
دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز سے قبل شاداب خان کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے محمد نواز تاحال مکمل فٹ نہیں ہوسکے، زاہد محمود پہلے ہی ٹیسٹ اسکواڈ کے ہمراہ ہیں، لہٰذا انہیں وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔