پاکستان کو لاہور ٹیسٹ میں شکست آسٹریلیا نے سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلیا نے پاکستان کو فتح کے لیے 351 رنز کا ہدف دیا تھا

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی۔ فوٹو : پی سی بی

ISLAMABAD:

لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔


آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور کراچی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا اور دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔


دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا جس کی میزبانی لاہور کرے گا۔


پانچواں روز

آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان پیٹ کمنز نے تین جبکہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم تیسری مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

حسن علی 13 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ اسکے بعد شاہین شاہ آفریدی 5 رنز اور نسیم شاہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔



پاکستان ٹیم کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابراعظم تھے، جو 54 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے جبکہ ساتویں کھلاڑی ساجد خان کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

پانچویں روز کھیل کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا۔ اوپنر عبداللہ شفیق 27 رنز بنا کر کیمرون گرین کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ اظہر علی آئے جو ٹیم کے 105 رنز کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بناکر اسمتھ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔



ٹیم کے 142 کے اسکور پر امام الحق بھی 70 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ بھی گزشتہ دو کھلاڑیوں کی طرح کیچ آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 11 رنز اور محمد رضوان صفر پر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔



پانچویں روز کے کھیل کے آغاز سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں 1992 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی رکھی گئی، جس کے ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں نے تصاویر بھی بنائی۔ 25 مارچ 1992 کو پاکستان عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ چیمپیئن بنا تھا۔



چوتھا روز

پاکستان ٹیم کے اوپنر بلے بازوں نے دوسری اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق 93 بولوں پر 42 رنز جبکہ عبداللہ شفیق 69 بالوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلوی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنا کر بیٹنگ ڈیکلیئر کی جس کے جواب میں قومی ٹیم سے امام الحق اور عبداللہ شفیق میدان میں آئے اور بہترین بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 73 رنز تک پہنچا دیا ہے۔

چوتھے روز کھانے کے وقفے سے قبل آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 51 رنز پر بولڈ کیا۔ کھانے کے وقفے کے بعد مارنس لبوشین 36 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جبکہ اسٹیو اسمتھ کو نسیم شاہ نے آؤٹ کیا، انہوں نے 17 رنز بنائے۔





آسٹریلیا کے 391 رنزکے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جس کے بعد آسٹریلیا نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 11 رنز بنا کر 134 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

تیسرا روز

پاکستان ٹیم نے تیسرے روز 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اپنی بقیہ اننگز کا آغاز کیا، کھانے کے وقفے کے بعد عبداللہ شفیق 81 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔
Load Next Story