منحرف پی ٹی آئی ارکان کو ملکی غداروں کی طرح سزا دینا ضروری ہے فواد چوہدری

تحریک انصاف کے منحرف ارکان نے اپنی جماعت نہیں ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے، فواد چوہدری


ویب ڈیسک March 21, 2022
تحریک انصاف کے منحرف ارکان نے اپنی جماعت نہیں ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے، فواد چوہدری (فوٹو : فائل)

کراچی: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملکی غداروں کی طرح منحرف پی ٹی آئی ارکان کو سزا دینا ضروری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آرٹیکل اے 63 کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ کو یہ موقع دے رہا ہے کہ ملک میں جاری ہارس ٹریڈنگ، موقعہ پرستی اور کرپشن کے ڈرامے ہمیشہ کیلئے ختم ہو سکیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: منحرف ہونے والے تمام اراکین تاحیات نااہل ہوں گے، فواد چوہدری

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے منحرف ارکان نے اپنی جماعت نہیں ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے، انھیں سزا دینا اسی طرح اہم ہے جیسے ملک کے غداروں کو دی جاتی ہے۔



او آئی سی کے خلاف جتنی اپوزیشن نے بات کی اتنی بھارت نے نہیں کی، فواد چوہدری

دریں اثنا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا سادہ سا ریفرنس ہے جس میں ہم نے سپریم کورٹ سے تشریخ مانگی ہے، جس طرح ضمیر خریدے گئے اور منتخب حکومت کے خلاف سازش کی گئی وہ آپ کے سامنے ہے، کیا آئین کے تحت ضمیر فروشی اور لوٹا کریسی کی اجازت ہے یا نہیں؟

فواد چوہدری نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ عمران خان حکومت بڑے مافیاز کے خلاف ہے، ہمیں پہلے دن سے معلوم تھا کہ یہاں سازشیں ہو رہی ہیں اور یہ پہلا موقع نہیں کہ عمران خان چیلنج سے نبرد آزما ہوئے ہوں، عمران خان انہیں بھی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے خلاف جتنی اپوزیشن نے بات کی اتنی بھارت نے نہیں کی، مولانا نے پورے سیاسی کیریئر میں اسلام کے لیے کیا کیا؟ عمران خان نے ناموس رسالتؐ پر پہرہ دیا لیکن ان مولیوں نے سوائے دین فروشی کے کیا کیا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو ہمارے نومولود لیڈر ہیں انہوں نے اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس کو خراب کرنے کی سازش کی، اگر قرارداد کچھ دن بعد پیش ہوتی اور اجلاس 25 مارچ کو بلالیا تو کون سی قیامت آگئی؟

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔