کراچی آپریشن پر ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں شرجیل میمن

پی پی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے، جو بھی حکومت میں آنا چاہے خوش آمدید کرینگے


Numainda Express February 23, 2014
پولیس اور رینجرز کی کارکردگی اچھی ہے،صوبائی وزیر اطلاعات کا ٹنڈو حیدر میں خطاب۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن صحیح سمت میں چل رہا ہے، ہمیں کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں، کراچی کو ایک بار پھر امن کا گہوارا بنائیں گے۔

ٹنڈو حیدر کے قریب گائوں بخشو لغاری میں لغاری برادری کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی اچھی ہے، ان کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، ملک کا آئین قرآن و سنت کی روشنی میں بنایا گیا ہے اور شرعی ہے، طالبان ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے، فنکشنل لیگ سمیت تمام پارٹیاں قابل احترام ہیں، جو بھی حکومت کا حصہ بننا چاہیں گے انھیں خوش آمدید کہا جائے گا، عوامی مسائل سب کے ساتھ مل کر حل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس 50 کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے، اس بار بھی الیکشن میں کافی لوٹے میدان میں اترے تھے تب بھی عوام نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دے کر ہمیں کامیاب کرایا، یہ حلقہ ان کا گھر ہے یہاں ترقیاتی اسکیمیں دے کر اسے ایک ماڈل تعلقہ بنایا جائے گا اور یہاں کے بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی وزیر فشریز جام خان شورو، ایم این اے کمال خان چانگ، ایم پی اے سکندر شورو، پیر امجد شاہ جیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں