آسٹریلیا کو 300 رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے نسیم شاہ
اسٹیو اسمتھ کی وکٹ یادگار رہی، انہیں ایک ہی لائن پر بولنگ کی جس پر انہوں نے غلطی کی، نوجوان فاسٹ بولر
کراچی:
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے جلد وکٹیں لینے کی نیت سے میدان میں اتریں گے اور آسٹریلیا کو تین سو رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔
لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ پچ پر بال ریورس سوئنگ ہورہا ہے، ہم اسی چیز کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، اسٹیو اسمتھ کی وکٹ یادگار رہی، ان کو ایک لائن پر بولنگ کی تاکہ وہ غلطی کرے اور ہمیں کامیابی مل سکے۔
مزید پڑھیں: لاہور ٹیسٹ؛ آسٹریلیا نے پہلے روز 5 وکٹوں پر 232 رنز بنالیے
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم اپنی حکمت عملی میں کامیاب رہے اور ایک تجربہ کار بلے باز کو آوٹ کرکے پوزیشن مستحکم بناسکے۔ نوجوان بولر نے کہا کہ لاہور کا موسم گرم ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں فاسٹ بولنگ کرنا مشکل کام ہے کیونکہ فاسٹ بولر کو لمبی بولنگ کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ خود کو مطمئن رکھیں اور کھیل پر توجہ دے کر اچھی بولنگ کریں، وکٹ نہ ملنے پر غصہ کرنے سے بولر کی پرفارمنس بہتر نہیں ہوسکتی، اعصاب پر جتنا قابو رکھیں گے، اس سے کارکرددگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔