ڈکیتی مزاحمت پر 16 سالہ طالبعلم کو قتل کرنیوالے گینگ وار کے کارندے گرفتار

ایک عادی مجرم ہے جو پہلے اے ایس آئی قتل کیس میں جیل جا چکا ہے، پولیس

طالب علم دین محمد کی یادگار تصویر

DOHA:
شہر قائد کے علاقے شیرشاہ میں چند روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے طالب علم کے قاتلوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا جن کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق موچکو پولیس نے چند روز قبل شیرشاہ اسکریپ کے گودام میں دوران ڈکیتی نوجوان کے قتل میں ملوث 2 سفاک قاتلوں کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ایک ڈکیت پولیس افسر کے قتل میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او موچکو چوہدری شاہد نے بتایا کہ واقعے کی فوٹیجز اور دیگر خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر پولیس نے 16 سالہ دین محمد عرف کاکا کے قتل میں ملوث ڈاکوؤں اکبر عرف ککی اور بلال کو سپارکو روڈ سے گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کیا۔


انھوں نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت اکبر چند سال قبل شیر شاہ کے علاقے میں اے ایس آئی رحیم اللہ کے قتل میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے اور وہ عادی جرائم پیشہ ہے۔ ایس ایچ او ںے بتایا کہ گرفتار ڈکیت پاک کالونی کے علاقے جہان آباد کے رہائشی اور ان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

ملزم بلال نے تفتیش کے دوران 16 سالہ طالب علم پر گولی چلانے کا اعتراف کیا اور اُس پستول (نائن ایم ایم) کی نشاندہی بھی کی جس سے فائر کیا گیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ برآمد ہونے والے اسلحے کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نوجوان دین محمد کو ڈکیتی کے دوران پیٹ پر گولی لگی تھی جو دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔
Load Next Story