پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان کی پروقارتقریب

بچوں نے ملی نغمے پیش کئے، کیک کاٹا جبکہ قومی پرچم لہرایا گیا


آصف محمود March 23, 2022
نئی دہلی پاکستانی ہائی کمیشن میں قومی پرچم کی لہرایا جارہا ہے (فوٹو ایکسپریس نیوز)

نئی دہلی میں قائم پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان پر کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور23 مارچ کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، پاکستانی ناظم الامورنے صدراوروزیراعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کرسنایا اور قومی ترانے کے دھن پر قومی پرچم لہرایا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے قومی دن پر پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی ناظم الامور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر قومی رہنماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنے غیر متزلزل عزم اور انتھک کوششوں سے برصغیرکے لاکھوں مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن بنایا۔

ناظم الامور آفتاب حسن خان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اقوام عالم میں ایک ذمہ دار جمہوری ریاست کے طور پر باوقار کردار ادا کر رہا ہے، اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا انعقاد عالم اسلام میں پاکستان کے کلیدی کردار کا واضح مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور فن و ثقافت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشن سے لے کر افغانستان میں امن کی کوششوں تک، پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کے حامی کے طور پر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: ''یوم پاکستان'' ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ

ناظم الامورنے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات کا خواہاں ہے اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے پرامن ذرائع سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔

تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن اسکول کے طلباء نے قومی اورملی نغموں پر خاکے پیش کیے اور قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے تقاریر کیں۔ تقریب کے اختتام پرناظم الامورکی اہلیہ ارم گیلانی نے طلباء اور اساتذہ میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے اورکیک کاٹا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں