وفاقی وزیر پیرا گلائیڈنگ کے دوران حادثے میں بال بال بچ گئے
مظفر آباد میں وفاقی وزیر عمر ایوب 'یوم پاکستان پیرا گلائیڈنگ فیسٹیول' کے موقع پر پیرا گلائیڈنگ ٹیک آف کے دوران بال بال بچ گئے جس سے ان کے بازوؤں اور ٹانگوں پر معمولی زخم آئے ہیں۔
یوم پاکستان پیرا گلائیڈنگ فیسٹیول میں عمر ایوب نے از خود پیرا گلائیڈنگ کی کوشش کی اور ٹیک آف کے دوران وہ پھسل گئے۔ واقعہ میں عمر ایوب کسی بڑے حادثے سے بچ گئے اور مجموعی طورپر محفوظ رہے لیکن ان کے بازوؤں اور ٹانگوں پر معمولی زخم آئے ہیں۔
دوسری جانب عمرایوب نے کہا کہ مختلف میڈیا چینلز یہ خبریں دے رہے ہیں کہ میں پیرا موٹر ایکسیڈنٹ میں زخمی ہوا ہوں، یہ غلط ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ ٹیک آف کے دوران پیراموٹر کے انجن میں مسئلہ پیدا ہوا اور میں الحمدللہ بحفاظت لینڈ کر گیا، ایڈونچر اسپورٹس میں یہ ایک معمول کا مسئلہ ہے اور اس میں سنسنی خیزی کی ضرورت نہیں ہے۔